Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسافر ٹرینوں کا آپریشن معطل کرنے کا فیصلہ

کورونا وائرس کے خدشے کے پیشِ نظر حکومت نے ملک بھر میں مسافر ٹرینوں کی سروس معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
منگل کو لاہور سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ 'ملک بھر میں مسافر ٹرینیں 24 مارچ رات 12 بجے سے لے کر 31 مارچ کی رات 12 بجے تک بند رہیں گی۔'
ریلوے انتظامیہ نے بتایا کہ وہ تمام مسافر حضرات جن کے پاس اس عرصے کے دوران کی کنفرم ٹکٹیں ہیں انہیں ٹرین آپریشن کی بحالی کے بعد چلنے والی ٹرینوں میں جگہ دی جائے گی، تاہم اگر کوئی تب تک سفر نہ کرنا چاہے تو اسے ٹکٹ کی مکمل قیمت واپس کر دی جائے گی۔

 

مختلف شہروں کے مابین آمد و رفت کے دیگر ذرائع بشمول بس اور فضائی سروس پہلے ہی معطل ہیں، صرف ٹرین سروس اب تک بحال ہے جس پر عوام کا انتہائی رش ہے۔
پیر کو کراچی کے ریلوے سٹیشن پر مسافروں کا جم غفیر تھا، ایسے میں حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد کرنا ممکن نہیں رہتا۔ سندھ حکومت نے اس حوالے سے وفاقی حکومت سے درخواست کی تھی کہ وہ ٹرین سروس فی الفور معطل کرے۔
پیر کی رات سندھ حکومت نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر وفاقی حکومت نے ٹرین سروس کی معطلی کے حوالے سے بروقت فیصلہ نہیں لیا تو صوبائی انتظامیہ ریلوے سٹیشن کے راستے سیل کر کے عوام کے داخلے پر پابندی لگا دے گی۔
اس حوالے سے جب اردو نیوز نے ریلوے کے ترجمان طارق اسد سے بات کی تو ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کو ایسا انتہائی اقدام لینے کی نوبت پیش نہیں آئے گی، وزیرِ ریلوے شیخ رشید نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کر کے صورتحال سے آگاہ کیا جس کے بعد یہ فیصلہ لیا گیا۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: