Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج منسوخ کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا: سعودی سفیر

سعودی سفیر کے مطابق حج کی منسوخی کا ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی حکومت نے کورونا وائرس کی وبا کے باجود حج کی منسوخی کا ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے اور اگر اس طرح کا فیصلہ کیا گیا تو حکومت اسے بروقت حاجیوں تک پہنچائے گی ۔
یہ بات پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعيد المالكی نے اردو نیوز کو ایک خصوصی انٹرویو میں بتائی۔
اس سوال پر کہ کیا کورونا وائرس کی وجہ سے سعودی حکومت نے حج کے حوالے سے کوئی فیصلہ کر لیا ہے سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے اس سال حج کی منسوخی کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔

 

’میں سب کو یقین دہانی کروانا چاہوں گا کہ خدائے بزرگ و برتر نے ہماری دانشمندانہ حکومت کو حرمین شریفین اور اللہ کے مقدس گھر حاضر ہونے والے حجاج کی خدمت کی توفیق بخشی ہے ۔ اور یہ (حکومت) بلاشبہ ہمیشہ ہر سال حجاج کے لیے بہترین خدمات پیش کرنے کی کوشش کرتی ہے اور ان کے تحفظ کے لیے بھی ہمیشہ کوشاں ہوتی ہے۔‘
نواف المالکی کا مزید کہنا تھا کہ اگر اس طرح کا (حج کی منسوخی) کا کوئی فیصلہ ہوتا ہے تو اسے بروقت حاجیوں تک ذمہ داری سے پہنچا دیا جائے گا۔
’میں آپ کو پھر یقین دلاتا ہوں کہ حج کو منسوخ کرنے کا کوئی فیصلہ اس وقت تک بالکل نہیں کیا گیا۔‘
اردو نیوز کے اس سوال پر کہ پاکستان میں سعودی اقامہ رکھنے والے کئی لوگ پروازوں کی منسوخی کی وجہ سے سعودی عرب واپس نہیں جا سکے تو کیا ان کی نوکری محفوظ رہے گی سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ وہ تمام لوگ جن کے پاس نافذالعمل اقامے اور قانونی ایگزٹ موجود ہے وہ سب پروازوں کی بحالی کے بعد واپس سعودی عرب جا سکیں گے۔

سعودی عرب آنے اور جانے والی  پروازوں کی معطلی کا فیصلہ احتیاطی تدبیر کے طور کیا گیا۔ (فوٹو: سوشل میڈیا)

سعودی سفیر کے مطابق سعودی شعبہ پاسپورٹ نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ تمام لوگ جو پروازوں کی معطلی کی 72 گھنٹے کی ڈیڈ لائن کی وجہ سے سعودی عرب نہ پہنچ سکے ان کے ایگزٹ اور ریٹرن ویزا کی معیاد خود بخود بڑھا دی جائے۔
’اسی طرح جو لوگ وزٹ ویزا یا عمرہ کے لیے  سعودی عرب گئے مگر واپس اپنے ملک نہ جا سکے ان پر (ویزا کی ایکسپائری) کا کوئی جرمانہ نہیں عائد ہو گا نہ کوئی قانونی کاروائی ان کے خلاف کی جائے گی۔‘
ایک اور سوال پر  نواف بن سعيد المالكی نے بتایا کہ سعودی عرب میں آنے اور جانے والی  پروازوں کی معطلی کا فیصلہ ایک احتیاطی تدبیر کے طور پر سعودی شہریوں، وہاں رہنے والوں اور عمرہ زائرین کی حفاظت کے پیش نظر کیا گیا
انہوں نے واضح کیا کہ اس فیصلے کے حوالے سے بین الاقوامی صحت کے اعدادوشمار کے حوالے سے مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور تمام مسافروں کی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں سعودی سفارت خانہ سعودی شہریوں کی خدمت اور ان کو معلومات کی فراہمی کے لیے ابھی بھی مصروف عمل ہے.
’اسی طرح جو پاکستانی بھائی سعودی عرب میں کام کرتے ہیں مگر پاکستان سے جا نہیں پائے ان کو بھی تمام معلومات کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے۔ تاہم ویزا سروس فی الحال فضائی سروس کی بحالی تک بند ہے اور جوں ہی فضائی تعطل ختم ہو گا ویزا سروس بھی پیلے کی طرح انشااللہ بحال کر دی جائے۔

المالکی کے مطابق  آئسولیشن سسٹم کا نفاز اور حال ہی میں جزوی کرفیو احتیاطی تدابیر کا حصہ ہیں (فوٹو: سوشل میڈیا)

کورونا وبا کے دوران اپنی اور دیگر سعودی سفارت خانے کی حفاظت کے لیے پاکستانی حکومت کے اقدامات پر سعودی سفیر نے مکمل اعتماد کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ ان اقدامات پر عمل کر رہے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ پاکستان کے ساتھ ملک کر اس وبا اور بحران پر قابو پا لیں گے۔
کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے سعودی اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وبا کے شروع میں ہی خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کی ہدایات کی روشنی میں ایک کمیٹی قائم کی گئی.
اس کمیٹی کی سربراہی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ کر رہے ہیں۔ اس کمیٹی کی ہدایات پر سعودی شہریوں اور وہاں مقیم لوگوں کی حفاظت کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں۔
ان تدابیر میں سب سے اہم عمرہ کی عارضی معطلی، حرمین میں نماز اور زیارات کو عارضی طور پر روکنا اورسعودی عرب سے بیرون ملک آمدورفت کو روکنا تھا۔
اس کے علاوہ آئسولیشن سسٹم کا نفاز اور حال ہی میں جزوی کرفیو بھی انہیں احتیاطی تدابیر کا حصہ ہیں۔ یہ تمام اقدامات اللہ کے فضل سے شہریوں اور رہائشیوں کے بہترین مفاد میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام طبی خدمات مفت میں دی جا رہی ہیں اور کسی بھی شخص میں مرض کی تشخیص صورت میں انتہائی پیشہ ورانہ اور اعلی معیار کی نگہداشت فراہم کی جاتی ہے اور ایک ہیلپ لائن بھی قائم کر دی گئی ہے جو دن رات تمام معلومات فراہم کر تی ہے۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: