وبائی مرض چھپانے پر 10 ہزار درہم جرمانہ
اماراتی وزارت انصاف نے کہا ہے کہ وبائی امراض کے انسداد کے قانون میں کورونا کی بیماری بھی شامل ہے۔
وزارت صحت نے کورونا کو وبائی امراض میں شامل کرنے کے بعد اس پر بھی وہی قانون نافذ ہوگا جو وبائی امراض کے انسداد پر لاگو ہے۔
اماراتی نیوز ایجنسی (وام ) کے مطابق طبی عملے پر لازم ہے کہ وہ وبائی مرض کے شکار مریض کے متعلق وزارت کو 24 گھنٹے کے اندر اطلاع فراہم کرے، وبائی مرض چھپانے پر 10 ہزار درہم جرمانہ ہوگا۔
وزارت انصاف نے کہا ہے کہ ’یہی قانون خود مریض پر، اس کے گھر والوں پر اور اس کے ساتھ میل جول رکھنے والوں پر بھی لاگو ہوگا‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’وبائی مرض لاحق ہونے والے فرد کی اطلاع نہ دینے پر کمپنی یا دفتر کے منیجر پر، ساتھی کارکنوں پر، اگر مریض جہاز میں سوار ہے تو پائلٹ اور جہاز کے عملے پر اور اگر وہ بحری جہاز میں ہے تو اس کے عملے پر بھی جرمانہ ہوگا‘۔
وزارت انصاف نے کہا ہے کہ ’وبائی امراض کے انسداد کے قانون کی خلاف ورزی پر کم سے کم 10 ہزار درہم اور زیادہ سے زیادہ 50 ہزار درہم جرمانہ ہوگا‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’اگر کوئی مریض جس کو اپنے مرض کا علم ہو وہ سفر کرتا ہے یا میل جول رکھتا ہے یا ملک میں آتا ہے تو اسے جرمانے کے علاوہ قید بھی کیا جاسکتا ہے‘۔
وزارت نے واضح کیا ہے کہ ’وبائی امراض کے انسداد کا قانون اس بیمار پر بھی لاگو ہوگا جو علاج نہیں کرواتا یا معالج کے مشورے پر عمل نہیں کرتا‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’وبائی امراض کے قانون کے تحت ہر اس شخص پر 50 ہزار سے ایک لاکھ درہم تک جرمانہ اور 5 سال تک قید کی سزا ہوسکتی ہے جو وبائی مرض کا شکار ہو اور جان بوجھ کر دوسروں کو بیماری منتقل کرتا ہے‘۔