Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برطانیہ اور کینیڈا کے لیے پروازیں منسوخ 

پاکستان نے بین الاقوامی اور مقامی پروازیں 4 اپریل تک منسوخ کر رکھی ہیں۔ فوٹو اے ایف پی
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے)  نے پاکستان میں پھنسے مسافروں کی وطن واپسی کے لیے خصوصی پروازوں کو ان ممالک میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ سے منسوخ کر دیا ہے۔
پی آئی اے کے ایک ترجمان کے مطابق برطانیہ اور شمالی امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر صحت اور سیکورٹی کا بغور جائزہ لینے کے بعد مخدوش صورتحال کی وجہ سے شہریوں کی صحت اور سیکورٹی کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت پاکستان نے پی آئی اے کو خصوصی پروازیں چلانے کی اجازت منسوخ کر دی ہے۔

 

’اجازت نامے کی منسوخی کی وجہ سے جمعہ اور ہفتہ کے روز ٹورنٹو، لندن، مانچسٹر اور برمنگھم کے لیے پلان کی گئیں خصوصی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
بیان کے مطاق ’تیزی سے بدلتی صورتحال کی وجہ سے مشکلات دنیا بھر کی حکومتیں اس عالمی وبا کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی حکمت عملی مسلسل تبدیل کر رہی ہیں تاکہ اپنے عوام کو اس سے محفوظ رکھا جا سکے۔‘ 
ترجمان  کا کہنا ہے کہ مساافر مزید رہنمائی کے لیے پی آئی اے کال سینٹر رابطہ کر کے فضائی آپریشن کی بحالی کے متعلق معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔‘
اس سے قبل ترجمان پی آئی اے کے ترجمان نے کہا تھا اتوار کے روز اسلام آباد سے لندن، برمنگھم اور مانچسٹر کے لیے تین خصوصی پروازیں چلائی جائیں گی۔
تاہم برطانیہ جانے کے لیے پی آئی اے کی ٹکٹ کی کوشش میں مصروف ایک شہری نے اردو نیوز کو بتایا تھا کہ اگرچہ پی آئی اے نے خصوصی پروازیں چلانے کا اعلان کیا ہے لیکن کہیں بھی اور کسی بھی کلاس میں نشستیں دستیاب نہیں ہیں۔

خصوصی پروازوں کی منسوخی کا فیصلہ ان ممالک میں کورونا کے بڑھتے کیسز کی بنا پر کیا گیا (فوٹو: سوشل میڈیا)

'آن لان ٹکٹ مل نہیں رہے اور ٹریول ایجنٹ بھی اس کوشش میں ناکام نظر آتے ہیں۔ جب میں نے پی آئی اے کے کال سنٹر فون کیا تو کئی منٹ کے انتظار کے بعد عملے کے ایک رکن نے بتایا کہ کوئی نشست دستیاب نہیں ہے، اکانومی کلاس میں اور نہ بزنس یا اکانومی پلس میں۔ جب میں نے درخواست کی کہ میرا نام ویٹنگ لسٹ میں ڈال دیا جائے تو مجھے ہدایت کی گئی کہ اس کے لیے بعد میں فون کروں۔'
خیال رہے کہ قبل ازیں آئی اے نے تین خصوصی پروازیں برطانیہ جبکہ ایک کینیڈا کے لیے چلانے کا اعلان کیا تھا۔
ترجمان پی آئی اے  نے کہا تھا کہ برطانیہ کے لیے سنیچر کو جانے والی تین پروزاوں کے تمام ٹکٹس فروخت ہو چکے ہیں اور مسافروں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے اب اتوار کو بھی تین پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی آئی اے کی پرواز پی کے 781  جمعے کو لاہور سے ٹورونٹو کے لیے روانہ ہوگی جبکہ پی کے 709 سنیچر کو اسلام آباد سے مانچسٹر روانہ ہوگی۔
ترجمان کے مطابق سنیچر کو پی کے 757 بھی اسلام آباد سے لندن روانہ ہو گی جبکہ پی کے 9791 سنیچر کو اسلام آباد سے برمنگھم جائے گی۔
تاہم تمام سات پروازیں خالی واپس آئیں گی۔

خصوصی پروازوں کے اعلان کے باوجود عام شہریوں کی ٹکٹیں لینے میں دشواری کا سامنا ہے (فوٹو: ٹوئٹر)

ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ ان پروازوں پر بکنگ شروع ہوگئی ہے اور ٹکٹیں 'پہلے آئیے، پہلے پائیے' کی بنیاد پر فروخت کی جاری ہیں۔ ٹکٹوں کے حصول کے لیے پی آئی اے اور ایجنٹس کے دفاتر یا کال سینٹر سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان نے بین الاقوامی اور مقامی پروازیں چار اپریل تک منسوخ کر رکھی ہیں اور تمام ایئرپورٹس بھی بند ہیں۔

شیئر: