امریکہ میں کورونا کیسز ایک لاکھ سے اوپر
اٹلی میں چوبیس گھنٹے کے دوران 919 ہلاکتیں ہوئی ہیں(فوٹو سوشل میڈیا)
دنیا بھر میں کورونا کےمتاثرین کی تعداد بڑھ کر پانچ لاکھ 93 ہزارسے تجاوز کرگئی اوراس میں تیزی سےاضافہ ہو رہا ہے۔
چوبیس گھنٹوں میں تین ہزار 137 افراد ہلاک ہوچکے۔ مرنے والوں کی کل تعداد 27 ہزار210 ہوگئی۔
امریکی یونیورسٹی جون ہوپکنز کے تحقیقاتی سینٹر کے مطابق امریکہ میں 16 ہزار217 نئے کیس سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد ایک لاکھ ایک ہزار652 تک جا پہنچی ہے۔
امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد دنیا میں سب سے زیادہ ہو گئی ہے۔ نیویارک سب سے زیادہ متاثر ہے یہاں اب تک 280سے زائد اموات ہوچکی ہیں۔
اٹلی دوسرے نمبر پر ہے جہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 86 ہزار498 ہے۔
قبل ازیں چین جہاں سے یہ اس وبا کا آغاز ہو ا تھا۔ 81 ہزار سے زائد متاثرین کے ساتھ سرفہرست تھا۔
اٹلی میں چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے باعث 919 ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ سپین میں 773 امریکہ میں 293 اور فرانس میں 299 افراد چل بسے۔
عالمی ادارہ صحت نے تصدیق کی ہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے نصف ملین سے تجاوز کر چکی ہے ۔
امریکہ کوجو کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں اب پہلے نمبر پر ہے۔ اس وبا سے نمٹنے کے لیے اس وقت ماسک، ڈاکٹروں کے لیے حفاظتی کٹس اور وینٹی لیٹرز کی کمی کا سامنا ہے۔
کورونا سے نمٹنے کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ سے بھی رابطہ کیا ہے۔