Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا ہیلپ لائن پر سموسوں کی فرمائش

شہری نے بار بار کنڑول روم کالز کر کے حکومتی اہلکاروں سے سموسے لانے کو کہا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
کورونا وائرس سے جُڑی سنجیدہ خبروں سے تو ہر پل واسطہ پڑ رہا ہے، لیکن اس سے ایسی کہانیاں بھی جنم لے رہی ہیں جو ہلکے پھلکے مزاح کا عنصر لیے ہوئے ہیں۔
اب ان صاحب کو ہی دیکھ لیجیے جنہوں نے حد ہی کر دی کہ ایسے وقت میں کہ جب پورے ملک میں کرفیو جیسا سماں ہے اور تمام حکومتی ادارے اس سے نمٹنے میں جتے ہوئے ہیں۔ اپنی حکومت سے سموسوں کی فرمائش کر دی۔
اور وہ بھی حکومت کی جانب سے دیے گئے ایسے ایمرجنسی ہیلپ لائن نمبر پر، جسے صرف دوائیوں یا کوئی بہت ہی ضروری چیز منگوانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ یہ نمبر اس کام کے لیے موزوں نہیں ہے، لیکن وہ ضد کرنے لگے اور منع کرنے کے باوجود بار بار ہیلپ لائن پر فون کرنا شروع کردیا۔
پھر کیا تھا۔ حکومت نے سوچا کہ آج اس شہری کے دل کی مراد پوری کر دی جائے اور پھر آگئے حکومتی اہلکار فرمائش پوری کرنے، لیکن ساتھ ہی ایک ایسا سبق بھی دیا کہ آئندہ موصوف کبھی ایسی صورتحال میں سموسے پکوڑے منگوا کر تفریح نہ کر سکیں۔
اہلکاروں نے اس شخص سے محلے کی نالیاں صاف کروائیں اور اس کی تصویر اپنی ٹویٹ میں پوسٹ کی ہے جس میں شہری کو ہاتھ میں جھاڑو لیے محلے کی نالیاں صاف کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق ریاست اتر پردیش کے ضلع رام پور کے مجسڑیٹ اونجانیا کمار کی ٹویٹ نے یہ ساری کہانی بیان کی ہے جو انٹرنیٹ پر وائرل ہے اور اسے ہزاروں لوگوں نے پسند کیا ہے۔
وہ لکھتے ہیں کہ ’خبردار کرنے کے باوجود ہمیں اس کے لیے سموسے لے کر جانا پڑا، اور کنٹرول روم میں بار بار سموسوں کے لیے فون کر کے پریشان کرنے کی وجہ سے ان سے نالیوں کی صفائی کروائی گئی ہے۔‘

انڈیا میں  32 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جبکہ 12 سو سے زائد مریض ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

واضح رہے کہ انڈیا میں کورونا وائرس سے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 32 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جبکہ 12 سو سے زائد مریض ہیں۔

شیئر: