Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

13 سو مریضوں میں علامات ظاہر نہیں ہوئیں

چین کا کہنا ہے کہ ان تمام مریضوں اور ان سے رابطے میں رہنے والے افراد کو 14 دن قرنطینہ میں رکھا جائے گا (فوٹو:اے ایف پی)
چین نے ملک میں کورونا وائرس کے ایسے 1،300 سے زائد کیسز کا انکشاف کیا ہے جن میں بیماری کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔
یہ پہلی بار ہے کہ چین نے عوام کی ایسے لوگوں سے متعلق تشویش پر ڈیٹا جاری کیا ہے جن میں علامات تو ظاہر نہیں ہوئیں مگر ان کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
چین میں نیشنل ہیلتھ کمیشن نے بتایا ہے کہ 1،367 ایسے مریض، جن میں وائرس کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں، زیرعلاج ہیں جب کہ گذشتہ روز کورونا کے 130 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

 

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق نیشنل ہیلتھ کمیشن نے منگل کو اعلان کیا تھا کہ وہ عوام کی تشویش پر ایسے مریضوں کا ڈیٹا جاری کرے گا جن میں کورونا کی علامات تو ظاہر نہیں ہوئیں مگر ان کا ٹیسٹ مثبت آیا۔
حکومت کو ایسی لاتعداد آن لائن فون کالز موصول ہوئی تھیں جن میں علامات ظاہر نہ کرنے والے کورونا کے کیسز کی تعداد بتانے کی درخواست کی گئی تھی۔
تاہم ان کیسز کو کورونا وائرس سے متعلق سرکاری اعداد و شمار کا حصہ نہیں بنایا جائے گا جب تک کہ ان مریضوں میں علامات ظاہر نہ ہو جائیں۔

یہ پہلی بار ہے کہ چین نے ایسے مریضوں کا ڈیٹا جاری کیا ہے جن میں علامات ظاہر نہیں ہوئیں(فوٹو:اے ایف پی)

بیجنگ نے کورونا وائرس کی ملک میں منتقلی روکنے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں جن میں چین میں غیرملکیوں کے داخلے پر پابندی اور بیرون ملک مقیم شہریوں کی وطن واپسی پر سکریننگ شامل ہے تاکہ ایسے افراد کے بارے میں جاننے میں آسانی ہو جو وائرس سے متاثر ہیں مگر ان میں علامات ظاہر نہیں ہو رہی ہیں۔
چین کا کہنا ہے کہ ان تمام مریضوں اور ان سے رابطے میں رہنے والے افراد کو 14 دن قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔
ماہرین کا خیال ہے کہ علامات ظاہر نہ کرنے والے مریض وائرس سے متاثرہ ہوسکتے ہیں تاہم یہ نہیں معلوم کہ ایسے مریض جان لیوا وائرس کے پھیلاو کے کس حد تک ذمہ دار ہوسکتے ہیں؟

چین میں عوام نے حکومت سے علامات ظاہر نہ کرنے والے کورونا کے کیسز کی تعداد بتانے کی درخواست کی تھی (فوٹو:اے ایف پی)

چین میں نظام تنفس کے ماہر زوہنگ نان شن نے گذشتہ ہفتے سرکاری ٹی وی کو انٹڑیو دیتے ہوئے کہا تھا کہ علامات ظاہر نہ کرنے والے مریض ہر 3 سے 3.5 افراد کو متاثر کرسکتے ہیں۔
جنوبی کوریا اور جاپان سمیت دیگر ممالک نے ایسے مریضوں کو اپنے سرکاری اعداد و شمار میں کورونا کے مصدقہ کیسز میں شمار کیا ہے۔
چین میں اس وقت کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 81،544 ہے جبکہ 3،312 اموات ہوئی ہیں جن میں سے زیادہ تر ہلاکتیں ہوبائی صوبے کے شہر ووہان میں ہوئی ہیں۔ 

شیئر: