رومانیہ کی سِمونا ہیلپ خواتین کے سنگلز مقابلوں کی دفاعی چیمپئن ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
کورونا وائرس نے اگر ایک طرف کھیلوں کے سب سے بڑے ایونٹ اولمپکس کو ملتوی کیا ہے تو دوسری جانب ٹینس کے سب سے مقبول ٹورنامنٹ 'ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ' بھی اس کے وار سے محفوظ نہ رہ سکا اور اس کی منسوخی کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔
برطانوی اخبار دی گارڈین کے مطابق دوسری جنگ عظیم کے بعد یہ پہلا موقعہ ہے جب یہ اہم ترین ایونٹ منسوخ ہوا ہے۔
شیڈول کے مطابق ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ 29 جون سے 12 جولائی تک ومبلڈن (لندن برطانیہ) میں کھیلا جانا تھا تاہم منتظمین نے بدھ کے روز کورونا کی وبا کے پیش نظر اس ٹورنامنٹ کی منسوخی کا اعلان کیا۔
سال کے چار گرینڈ سلیم ٹورنامنٹس میں شامل ومبلڈن کو نہ صرف ٹینس مقابلوں میں ایک نمایاں مقام حاصل ہے بلکہ یہ ایک میلے کی بھی حیثیت رکھتا ہے جو دو ہفتوں پر مشتمل ہوتا ہے۔
ومبلڈن ٹینس کا سب سے قدیم ٹورنامنٹ بھی ہے جو 1877 سے آل انگلینڈ کلب ومبلڈن کے آؤٹ ڈور گراس کورٹ پر کھیلا جاتا ہے اور اسے دنیا کا سب سے معتبر ٹینس ٹورنامنٹ مانا جاتا ہے۔
دی گارڈین کے مطابق اس ٹورنامنٹ کی تیاریوں کے لیے دو ماہ کا وقت درکار ہوتا ہے جو ملک میں جاری حکومتی لاک ڈاؤن اور پابندیوں کی وجہ سے ممکن نہ تھا۔
سابق عالمی نمبر ایک اور آٹھ مرتبہ کے ومبلڈن چیمپئن سوئٹزرلینڈ کے روجر فیڈرر اور سات مرتبہ کی ومبلڈن چیمپئن سابق عالمی نمبر ایک امریکی کی سرینا ولیمز نے ومبلڈن کی منسوخی پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
روجر فیڈرر اور سرینا ولیمز 2019 کے رنر اپ تھے۔ سرینا ولیمز نے لکھا کہ 'مجھے ومبلڈن کی منسوخی کا سن کر سخت دھچکہ لگا ہے۔ روجر فیڈرر بولے "یہ تباہ کن ہے۔میں آئندہ سال تک اس کا انتظار نہیں کر سکتا۔'
چیئرمین آل انگلینڈ کلب ایئن ہیواِٹ کا کہنا ہے کہ 'ہم نے یہ فیصلہ آسانی سے نہیں لیا بلکہ کھلاڑیوں، تماشائیوں اور اس ایونٹ کا انعقاد کرانے والوں کی صحت کے پیش نظر کیا ہے۔
چیف ایگزیکٹو آل انگلینڈ ٹینس کلب رچرڈ لیوئس نے کہا کہ 'یہ فیصلہ کئی اعتبار سے ایک مشکل فیصلہ تھا، تاہم یہ فیصلہ اس وقت نہ صرف سوسائٹی بلکہ ہم سب کے مفاد میں ہے۔'
واضح رہے کہ گذشتہ برس ایک اندازے کے مطابق 5 لاکھ سے زائد شائقین کورٹ میں ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ سے لطف اندوز ہوئے۔ ان میں برطانیہ کے علاوہ دنیا بھر سے آنے والے شائقین بھی شامل تھے۔
اس وقت سربیا کے نواک جوکووِچ ومبلڈن میں مردوں کے سنگلز مقابلوں جبکہ رومانیہ کی سِمونا ہیلپ خواتین کے سنگلز مقابلوں کی دفاعی چیمپئن ہیں۔