Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’نیروبی کو مرنا ہے تو ہائسٹ فور نہ دکھائیں‘

منی ہائسٹ کو ابتدا میں دو حصوں تک محدود رکھا گیا تھا (فوٹو سوشل میڈیا)
مقامی روایتوں میں علی بابا اور چالیس چوروں کی کہانی تو بہت سوں نے سن یا پڑھ رکھی ہوگی البتہ انٹرنیٹ پر مشہور ہونے والے آٹھ چوروں کی واردات کے ایک اور سیزن نے سوشل میڈیا کو گفتگو کا دلچسپ موضوع دے دیا۔
سپین کے رائل منٹ میں بہت سے یرغمالیوں کے ساتھ خود کو بند کر لینے اور پولیس کے ساتھ آنکھ مچولی کے ذریعے اپنا منصوبہ آگے بڑھانے کی کہانی پر مبنی سیریز 2007 میں شروع ہونے کے بعد آج اپنا چوتھا موڑ مڑ رہی ہے۔
سپینش ڈرامہ سیریز کی مقبولیت کا اندازہ کرنے کو یہ کافی ہے کہ گوگل ریٹنگز میں 97 فیصد افراد نے اسے پسندیدہ کہا ہے جب کہ گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران یہ ناصرف عالمی سطح پر ٹاپ ٹرینڈ رہا بلکہ پاکستان، متحدہ عرب امارات، انڈیا، برطانیہ، جنوبی افریقہ اور ملائشیا سمیت متعدد ملکوں کی ٹرینڈز لسٹ کا نمایاں موضوع رہا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے منی ہائسٹ سیزن فور یا لا کاسے ڈی پاپل فور کی جمعہ کو ہونے والی رونمائی پر اپنے انتظار اور اس سے وابستہ توقعات کا ذکر بھی کیا جاتا رہا۔

کمیسا سارکوڈی نامی صارف نے منی ہائسٹ کے ایک کردار نیروبی کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ اگر اس سیزن میں اس کی موت ہونی ہے تو پھر یہ دکھانا ہی نہیں چاہیے۔

کچھ صارف منی ہائسٹ فور سے متعلق اپنی بے چینی کا ذکر کرتے ہوئے اس تک رسائی نہ ہونے کا شکوہ بھی کرتے رہے۔

نیٹ فلیکس ریٹنگز کے مطابق مقبول ترین سیزنز میں شمار کیے جانے والے  منی ہائسٹ کے گزشتہ سیزنز کے مختلف مناظر بھی ٹائم لائنز پر نمایاں رہے۔ تھیم سونگ کی ویڈیو کئی صارفین کی جانب سے شیئر کی گئی۔
متعدد صارفین اور نیٹ فلیکس کے آفیشل اکاؤنٹ سے بھی منی ہائسٹ سیزن تھری کے اختتامی مناظر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے شائقین کو یاد دلایا گیا کہ گزشتہ سیزن یہاں ختم ہوا تھا۔
موبائل ایپلیکیشن بیسڈ وڈیو پلیٹ فارم نیٹ فلیکس کی جانب سے پانچ مارچ کو منی ہائسٹ سیزن فور کا باقاعدہ ٹریلر جاری کیا گیا تھا۔
الیکس پنا کی پیشکش کے بارے میں 2017 میں اعلان کیا گیا تھا کہ یہ دو حصوں پر مشتمل ہوگی۔ سپین کے ٹی وی نیٹ ورک انٹینا تھری پر اسے مئی 2017 سے نومبر 2017 کے دوران نشر کیا گیا تھا، تاہم بعد میں اسے مزید آگے بڑھایا گیا اور آج یعنی تین مارچ 2020 کو اس کا چوتھا سیزنز لانچ کیا جا رہا ہے۔ اس کی آٹھوں اقساط ایک ساتھ ریلیز کی جا رہی ہیں۔

منی ہائسٹ (نیٹ فلیکس سکرین شاٹ)

ہسپانوی کرائم سیریز منی ہائسٹ جنوبی ایشیائی ملکوں خصوصا پاکستان اور انڈیا میں بھی خاصی مقبول ہے۔ اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے ماضی میں بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان اسے ہندی میں بنانے جب کہ پاکستانی اداکار و پروڈیوسر ہمایوں سعید اردو میں بنانے کی خواہش ظاہر کر چکے ہیں۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: