سفری پابندی میں توسیع کا بھی امکان ہے(فوٹو، سوشل میڈیا)
متحدہ عرب امارات کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاؤ کے تحت کیے جانے والے حفاظتی اقدامات کے تحت اماراتی اقامہ ہولڈرزکے لیے سفری پابندی میں مزید 2 ہفتے کی توسیع کردی گئی ہے۔
حفاظتی اقدامات کے تحت ایسے غیر ملکیوں کی واپسی کو مزید 2 ہفتوں کےلیے موخر کر دیا گیا ہے جو بیرون ملک گئے ہوئے ہیں اور ان کے اقامے کارآمد ہیں۔
امارات ٹوڈے کی اطلاع کے مطابق وزارت خارجہ نے ان تمام اماراتی اقامہ ہولڈرز کو کہا ہے کہ موجودہ کورونا حالات کی وجہ سے بین الاقوامی سفر پر پابندی عائد ہے۔
وزارت خارجہ کی جانب سے اماراتی اقامہ ہولڈرز کے لیے خصوصی رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی گئی ہے جو وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر موجود ہے جہاں وہ تمام غیر ملکی جو بیرون ملک مقیم ہیں رجسٹریشن کرا سکتے ہیں تاکہ ان کا اقامہ منسوخ نہ ہو۔
اماراتی حکومت کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ ’کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر بیرون ملک مقیم غیر ملکی اس وقت تک امارات نہ آئیں جب تک کورونا پر قابو نہ پالیا جائے۔
مذکورہ سہولت اسی خدشے کے پیش نظر جاری کی گئی ہے تاکہ غیر ملکیوں کا اقامہ منسوخ نہ ہو اور وہ حالات درست ہونے پر جس کا اعلان حکومت کی جانب سے کیا جائے گا واپس آجائیں۔
یاد رہے ’کووڈ19‘ کی وجہ سے دنیا کے بیشتر ممالک نے فضائی اور زمینی سرحدیں بند کرکے سفر پر پابندی عائد کر دی ہے جس کی وجہ سے بہت سے ایسے لوگ جواپنے ملکوں کو گئے ہوئے تھے کےلیے یہ مسئلہ پیدا ہوگیا تھا کہ انکی چھٹی ختم ہونے پر وہ واپس نہیں جاسکتے تھے اس لیے ایسے تارکین وطن کےلیے سہولت کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ ان کے اقامے اور جاب محفوظ رہیں۔