فرانس میں بھی کورونا کے خلاف سعودی ڈاکٹر فرنٹ لائن پر
فرانس میں بھی کورونا کے خلاف سعودی ڈاکٹر فرنٹ لائن پر
ہفتہ 4 اپریل 2020 17:42
280 سعودی ڈاکٹر فرانس کے بڑے شہروں میں موجود ہیں- (فوٹو سوشل میڈیا)
فرانس میں 280 سعودی ڈاکٹر کورونا وائرس سے متاثرین کے علاج میں دن رات ایک کیے ہوئے ہیں- یہ فرانسیسی میڈیکل فیلو شپ پروگرام کے تحت سعودی عرب سے گئے تھے اب فرانس کے مختلف علاقوں میں موجود ہیں-
الشرق الاوسط سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی عرب میں متعین فرانسیسی سفیر نے بتایا کہ’ میڈیکل فیلو شپ پروگرام تمام شعبوں میں سعودی عرب اور فرانس کے مضبوط تعلقات کی روشن مثال ہے- یہ دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان دوستانہ روابط اور یکجہتی کی بھی روشن علامت ہے‘-
انہوں نے کہا کہ’ ان سعودی ڈاکٹروں کو سیلوٹ کرتا ہوں جو آزمائش کی اس گھڑی میں اپنا فرض کامیابی سے انجام دے رہے ہیں‘-
فرانس اور سوئٹزرلینڈ میں کلچرل اتاشی ڈاکٹر عبداللہ الثنیان نے بتایا کہ ’280 سعودی ڈاکٹر فرانس کے بڑے شہروں میں موجود ہیں- کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے اس نازک دور میں یکجہتی کی شاندار نظیر قائم کررہے ہیں‘-
ڈاکٹر الثنیان کے مطابق ’فرانسیسی ہسپتالوں میں سعودی ڈاکٹر ‘کورونا کے خلاف فرنٹ لائن’ پر ہیں- یہ کورونا بحران سے نمٹنے کے لیے ایثار اور قربانی کا مظاہرہ کررہے ہیں‘-
فرانس کے سفارتخانے میں ریجنل ہیلتھ کنسلٹنٹ نے کہاکہ ’ سعودی ڈاکٹروں کے عزم کو سلام کرتے ہیں- میں ان میں چند سعودی ڈاکٹروں سے واقف ہوں یہ اپنے فرانسیسی رفقائے کار کے شانہ بشانہ نہایت ہمت اور جرات کا مظاہرہ کرکے کورونا وائرس کے متاثرین کے علاج میں دن رات ایک کیے ہوئے ہیں‘-