Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گھروں میں رہنا کورونا کے خلاف ہمارا مضبوط ہتھیار

وزارت صحت کی جانب سے جاری ہدایات سب کے لیے یکساں ہیں۔(فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کورونا کے حوالے سے آگاہی کے پیش نظر اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ ’ کورونا کا مقابلہ کرنے کےلیے ہمارا مضبوط ہتھیار یہ ہے کہ ہم گھرو ں میں رہیں‘۔
وزیر صحت کی جانب سے لوگوں کو بارہا کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے بچنے کے لیے ہمیں خود کو گھروں تک محدود کرنا ہو گا تا کہ کورونا کے وبائی مرض پر قابو پایا جا سکے۔
 ویب نیوز سبق نے وزیر صحت کے ٹویٹ کے حوالے سے کہا ہے کہ وزارت صحت کی جانب سے جاری ہدایات سب کے لیے یکساں ہیں۔
سعودی حکومت کی جانب سے کورونا کے مرض پر قابو پانے کےلیے مثالی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ہمیں بھر پورتعاون کرنا ہے تا کہ جلد ازجلد اس وبائی مرض پر قابو پایا جا سکے۔
دریں اثنا وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  دنیا بھر میں اس وقت کورونا کے مریضوں کی تعداد دو لاکھ 75 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جن میں سے 88 ہزار اب تک صحتیاب ہوئے ہیں ۔ دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 11400 تک پہنچ چکی ہے۔

وزارت صحت نےاب تک 22 ہزار افراد کا طبی معائنہ کیا ہے(فوٹو سوشل میڈیا)

سعودی عرب میں کورونا کے کیسوں کے حوالےسے ڈاکٹر عبدالعالی کا کہنا تھا کہ اب تک کورونا میں مبتلا مریضوں کی اوسط عمر43 برس ریکارڈ کی گئی ہے جن میں 14 بچے بھی شامل ہیں۔
وزارت صحت نے 22 ہزار افراد کا اب تک طبی معائنہ کیا ہے جن میں سے صرف 392 افراد میں کورونا پازیٹو پایا گیا جبکہ باقی تمام صحت مند ہیں۔ اب تک کورونا ٹول فری نمبر پر 2 لاکھ 80 ہزار افراد نے رابطہ کر کے معلومات حاصل کی ہیں۔
ڈاکٹر عبدالعالی نے مزید کہا کہ وزارت صحت کی جانب سے کورونا سے بچاؤ کےلیے خصوصی احتیاطی تدابیر جاری کی ہیں جن پر عمل کرنا لازمی ہے تاکہ اس وبائی مرض سے بچا جا سکے۔

شیئر: