Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا سے نمٹنے کے لیے مزید 7 ارب ریال کی منظوری

مجموعی رقم 15 ارب ریال ہوگئی-(فوٹو عاجل)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے نئے کورونا وائرس کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مزید سات ارب ریال کی منظوری  دی ہے-
اس سے قبل 8 ارب ریال کی منظوری کا شاہی فرمان جاری ہوا تھا مجموعی طور پر یہ رقم 15 ارب ریال ہوگئی- منظوری کی درخواست ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کی تھی-
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق  سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے بتایا کہ نئے کورونا وائرس سے نمٹنے کےلیے بھاری بجٹ درکار ہے- وزارت صحت کی درخواست پر بجٹ مسلسل فراہم کیا جارہا ہے-
وزیر صحت کے مطابق نئے بجٹ کی بدولت صحت اداروں کی تیاریوں کا معیار بلند ہوگا- مطلوبہ دوائیں وافر مقدار میں فراہم کی جاسکیں گی-
ہسپتالوں میں مزید بستروں کی فراہمی کی جاسکے گی- مصنوعی تنفس کے آلات، کورونا وائرس سے متاثرین کا پتہ لگانے کےلیے معائنے کے مزید آلات خریدے جاسکیں گے- اندرون و بیرون مملکت سےمزید طبی اور معاون عملے کی خدمات حاصل کی جاسکیں گی-
سعودی وزیر صحت نے بتایا کہ  وزارت رواں سال کے آخر تک کے لیے مزید 32 ارب ریال کے بجٹ کی درخواست کیے ہوئے ہے اس کی بھی اصولی منظوری مل چکی ہے-

نئے بجٹ کی بدولت صحت اداروں کی تیاریوں کا معیار بلند ہوگا-(فوٹو سوشل میڈیا)

ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے مزید کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے سلسلے میں دو اہم مشکلات پیش آرہی ہیں۔ پہلا مسئلہ یہ ہے کہ عالمی مارکیٹ سے کورونا وائرس سے نمٹنے کےلیے مطلوبہ مشینیں، طبی لوازمات اور دوائیں مستقبل کے حوالے سے مطلوبہ تعداد  میں نہیں مل پارہی ہیں-
 ان کے مطابق متاثرین کی تعداد بڑھ رہی ہے اور ان کے علاج کے درکار دواؤں اور آلات کی فراہمی مشکل ہورہی ہے-
وزیر صحت نے بتایا کہ دوسرا مسئلہ یہ ہے کہ معاشرے کے بعض لوگ غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ متاثرین کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے-

شیئر: