Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا ، معیشت کو بچانے کے لیے 50 ارب ریال مختص

چھوٹے اور درمیانے سائز کے اداروں کو سہارا دیاجائے گا۔(فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی عرب نے نئے کورونا وائرس کے نقصانات سے معیشت کو سہارا دینے کے لیے پچاس ارب ریال مختص کردیے۔
الشرق الاوسط کے مطابق سعودی عرب نے کورونا وائرس کے منفی اثرات سے نجی اداروں کو بچانے کے لیے 50 ارب ریال (13.3ارب ڈالر) مختص کیے ہیں۔
اس رقم کے ذریعے معیشت پر مالیاتی اور اقتصادی نقصانات میں تخفیف ہوگی۔ خصوصاً چھوٹے اور درمیانے سائز کے اداروں کو سہارا دیاجائے گا۔
سعودی عریبین مانیٹری اتھارٹی (ساما) نے بیان میں کہاکہ ’ساما نے ایک پروگرام تیا رکیا ہے ۔ اس پر تقریباً 50 ارب ریال خرچ ہوں گے۔ اس کے بموجب متعدد اقدامات کرکے نجی اداروں کی شرح نمو بہتر بنائی جائے گی‘۔

نجی اداروں کوقرضوں کی ادائیگی ملتوی کردی گئی ہے۔(فوٹو سوشل میڈیا)

’ چھوٹے اور درمیانے سائز کے ادارو ں کی مدد کے لیے تین نکاتی پروگرام تیار کیا گیا ہے۔ پروگرام کا مقصد ان اداروں کو کورونا وائرس کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے سہارا دینا ہے۔ احتیاطی تدابیر کے باعث سے یہ ادارے دباﺅ میں آرہے ہیں۔ امدادی پروگرام کی بدولت ان کا یہ دباﺅ کم ہوگا‘۔
اس پروگرام کے تحت ایک فیصلہ یہ لیا گیا ہے کہ نجی اداروں کوقرضوں کی ادائیگی ملتوی کردی گئی ہے۔ تیس ارب ریال اس مد میں بینکوں اور فنڈنگ کمپنیو ں کے لیے رکھے گئے ہیں۔
چھوٹے اور درمیانے سائز کے اداروں کو 13.2ارب ریال کے قرضوں کا پروگرام بھی تیار کیا گیا ہے۔ بینکوں اور فنڈنگ کمپنیوں کو چھ ارب ریال دیے جائیں گے تاکہ وہ چھوٹے اور درمیانے سائز کے ادارو ںکوقرضوں کی ضمانتو ںکے پروگرام پر آنے والی لاگت نکال سکیں۔
مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ شہرو ںمیں احتیاطی تدابیر سے متاثر ہونے والے اداروں کی مدد کے لیے بینکوں اور فنڈنگ کمپنیو ں کے ساتھ رابطے کیے جارہے ہیں۔
دریں اثناامارات کے سینٹرل بینک کے مطابق قومی معیشت کو سہارا دینے ، صارفین اور کمپنیوں کو نقصانات سے بچانے کے لیے سو ارب درہم (27.2ارب ڈالر) کی منظوری دی گئی ہے۔
’بینک کا کہنا ہے کہ پچاس ارب درہم سینٹرل بینک کی جانب سے امارات میں کام کرنے والے بینکوں کے لیے قرضے جاری کرنے کی خاطر مختص کیے گئے ہیں‘۔

 

شیئر: