پاکستان میں ڈاکٹرز اور طبی عملے کے 138 افراد اب تک کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں اور اس حوالے سے صوبہ سندھ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں 85 ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملے کے افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
عالمی ادارہ صحت کی ایک تازہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بلوچستان کے 25، پنجاب کے 12، خیبرپختونخواہ کے سات اور اسلام آباد کے پانچ ڈاکٹرز اور طبی عملے میں وائرس سامنے آیا ہے۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور گلگت بلتستان میں ایک ایک ایسا کیس سامنے آیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ اعدادوشمار عالمی ادارہ صحت کو حکومت پاکستان کی جانب سے فراہم کیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں
-
فاٹا کے طلبہ احتجاج کیوں کر رہے ہیں؟Node ID: 470121
-
قرنطینہ میں رکھے گئے پاکستانیوں کو شکایات کیوں؟Node ID: 470146
-
خون کے عطیات میں کمی سے مریضوں کی زندگیاں خطرے میںNode ID: 470386
ڈبلیو ایچ او کے تجزیے کے مطابق کورونا سے متاثر زیادہ تر ڈاکٹرز اور عملے کی عمریں اکیس سے چالیس تک ہیں اور ان میں سے ستر فیصد مرد ہیں۔
سوموار کو کراچی میں ڈاکٹر عبدالقادرسومرو بھی کورونا سے ہلاک ہو گئے تھے۔ وہ بھی مریضوں کے علاج کے دوران وائرس کا شکار ہوئے تھے۔
یاد رہے کہ پاکستان بھر میں ڈاکٹرز اور طبی عملے نے مناسب حفاظتی لباس اور سہولیات کی عدم دستیابی کی شکایت کی تھی اور سوموار کو احتجاج کرنے والے ڈاکٹرز کو صوبہ بلوچستان میں پولیس نے گرفتار بھی کر لیا تھا ۔
یہ واقعہ دنیا بھر میں خبروں کی زینت بنا تھا اور ایمنسٹی انٹرنیشنل ساﺅتھ ایشیا شاخ نے ڈاکٹروں کی گرفتاری کو پرامن احتجاج کے حق پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ کورونا وائر س کی جنگ لڑنے والے ان ہیروز کو درکار حفاظتی سامان فراہم کیا جانا چاہیے۔
تاہم بعد میں بلوچستان حکومت کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد ان کو رہا کر دیا گیا تھا۔
