Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’یہ وقت عالمی ادارہ صحت کے وسائل کم کرنے کا نہیں‘

صدر ٹرمپ عالمی ادارہ صحت پر پہلے بھی الزامات عائد کر چکے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے فنڈز روکنے کے اعلان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کو روکنے کی کوششوں کے دوران ایسی تنظیموں کے وسائل کم کرنا مناسب نہیں۔
اے ایف پی کے مطابق امریکی صدر کے ڈبلیو ایچ او کے فنڈز روکنے کے اعلان کے بعد اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ’کورونا وائرس کو شکست دینے کے لیے دنیا کی کوششوں میں عالمی ادارہ صحت کی ہر صورت مدد کرنا ضروری ہے۔‘
قبل ازیں صدرٹرمپ نے دنیا بھر میں کورنا وائرس کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کا ذمہ دار ڈبلیو ایچ او کو ٹھہراتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ امریکہ کی جانب سے اقوام متحدہ کے اس ادارے کو دیے جانے والے فنڈز روک دیں گے۔

 

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ کئی ملکوں نے کہا کہ وہ ڈبلیو ایچ او کی بات سنیں گے اور اب وہ ملک ایسے مسائل کا شکار ہیں کہ انہیں یقین نہیں آ رہا۔
صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر عالمی ادارہ صحت پر کورونا وائرس کے حوالے سے غلط معلومات پہنچانے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ اگر ڈبلیو ایچ او چین میں جا کر اس وبا کا جائزہ لیتا تو زیادہ زندگیاں بچائی جا سکتی تھیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے ’دنیا میں غلط معلومات پہنچائی گئیں، ہلاکتوں کے بارے میں بھی غلط اطلاعات تھیں۔
دوسری جانب امریکہ میں کورونا سے مزید دو ہزار 228 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔
اے ایف پی نے جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر کے اعداد وشمار کے حوالے سے بتایا ہے کہ منگل کی رات تک مرنے والوں کی کل تعداد 25 ہزار 757 ہو گئی ہے۔
سینٹر کےمطابق اتوار اور پیر کو ہلاکتوں میں کمی آنے کے بعد امریکہ میں 24 گھنٹوں میں وائرس سے مرنے والے افراد کا یہ نیا ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل ایک دن میں دو ہزار 108 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی تھیں۔

شیئر: