Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گنجان علاقو ں میں گھر گھر کورونا ٹیسٹ

کورونا وائرس کے 762 کے نئے کیسز سامنے آئے ہیں-(فوٹو سبق)
سعودی عرب میں جمعہ 17 اپریل کوکورونا وائرس کے 762 کے نئے کیسز سامنے آئے ہیں-
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزیر صحت ڈاکٹر الربیعہ نے واضح کیا ہے کہ یہ درست ہے کہ حالیہ ایام میں نئے کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد میں روز بروز اضافہ ریکارڈ کیا جارہاہے۔
ان کا کہنا تھا اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ وزارت صحت نے گنجان آبادی والے محلوں میں ٹیسٹ پروگرام شروع  کیا ہے جس کے تحت میڈیکل ٹیمیں گنجان آبادی میں جاکر گھر گھر ایسے افراد کا بھی کورونا ٹیسٹ کررہی ہیں جن پرکورونا وائرس کی کوئی علامت نظر نہیں آرہی-
وزیر صحت نے بتایا کہ میڈیکل ٹیمیں گاڑی سے کورونا وائرس کا ٹیسٹ بڑے پیمانے پر کررہی ہیں- اس دوران ایسے کیس سامنے آرہے ہیں جنہیں موجودہ حالات میں ہسپتال بھیجنے یا قرنطینہ میں رکھنے کی ضرورت نہیں-

متاثرین کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جارہاہے۔(فوٹو سبق)

انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش اور کوشش ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرین کو ابتدائی مرحلے ہی میں علاج فراہم کردیا جائے تاکہ وہ ایکٹو کیس کی فہرست میں داخل نہ ہوں-
وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد میں اضافے کے اسباب پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا ہے کہ جمعہ کو جو فہرست جاری کی گئی ہے ان میں سے 400 کا تعلق کورونا وائرس کے ایکٹیو فیلڈ ٹیسٹ آپریشن سے ہے-
ترجمان نے کہا کہ فیلڈ ٹیسٹ کی وجہ سے متاثرین کے اعدادوشمار بڑھ گئے ہیں- انہوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ فیلڈ ٹیسٹ کے باعث آئندہ ایام میں کورونا کے مزید متاثرین ریکارڈ پر آئیں گے-
ترجمان وزارت صحت نے واضح کیا ہے کہ سپیشلسٹ میڈیکل ٹیمیں ایک جانب تو ایسے مقامات پر جاکر گھروں کو وزٹ کررہی ہیں جو پر خطر سمجھے جارہے ہیں- دوسری جانب گنجان آبادی کا رخ کررہی ہیں جہاں کورونا کے پھیلنے کا امکان زیادہ ہے-

آئندہ ایام میں کورونا کے مزید متاثرین ریکارڈ پر آئیں گے-(فوٹو سبق)

ترجمان کے مطابق اس کامقصد اس بات کا اطمینان حاصل کرنا ہے کہ ان مقامات پر ایسے افراد نہ ہوں جو کورونا وائرس میں مبتلا ہوں اور انہیں اس کا علم ہی نہ ہو یا ممکن ہے ایسے افراد بھی ہوں ان پر کورونا کی  ایک آدھ علامت نمودار ہوگئی ہو اور وہ سمجھ نہ رہے ہوں یا ایسے لوگ بھی جو خوف کی وجہ سے سرکاری یا نجی ہسپتال کا رخ نہ کررہے ہوں-
وزارت صحت کے ترجمان نے یہ بھی بتایا ہے کہ فیلڈ میڈیکل ٹیمیں غیرملکی کارکنان کی اجتماعی رہائش پر جاکر ہر کارکن کا کورونا ٹیسٹ کررہی ہیں تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی لہر کو توڑا جاسکے اور ممکنہ طور پر متاثر ہوسکنے والے کارکنان کو اس وبا سے بچایا جاسکے-

شیئر: