Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیر ملکی کارکن’ کورونا‘ کا زیادہ شکار کیوں؟ 

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کارکنوں کو صاف رہائش فراہم کی جائے (فوٹو: سبق نیوز)
وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ ’تارکین کے حلقوں میں کورونا وائرس کی وبا اس لیے بڑھ رہی ہے کہ ان کے رہائشی کمپاؤنڈز میں حفظان صحت کے اصولوں کا خیال نہیں رکھا جاتا۔'
 ڈاکٹر العالی نے غیر ملکی کارکنوں کے حلقوں میں ’کورونا وائرس‘ کے بڑھتے ہوئے کیسز کے اسباب بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 'کئی وجوہ سے غیر ملکی کارکنان کے حلقوں میں کورونا وائرس بڑھ رہا ہے-'

کورونا سے محفوظ رہنے کے لیے سماجی دوری کے اصول پر عمل ضروری ہے (فوٹو: ایس پی اے)

 'سب سے اہم سبب غیرملکی کارکنوں کے رہائشی مراکز ہیں جہاں حفظان صحت کے ضوابط کی پابندی نہیں کی جا رہی جو بڑی تلخ حقیقت ہے- ایک کمرے میں دس سے زیادہ کارکنان رہائش اختیار کیے ہوئے ہیں-'
مقامی ویب سائٹ ’سبق نیوز‘ کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان نے نجی کمپنیوں و اداروں کے مالکان کو تاکید کی ہے کہ وہ غیر ملکی کارکنان کے لیے حفظان صحت کے مطابق مناسب رہائش فراہم کریں-
تارکین کی رہائش پر سماجی فاصلے کا اصول لاگو کیا جائے اور ہفتے میں دو بار رہائشی مراکز کو سینیٹائز کیا جائے-
 ترجمان وزارت صحت ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے ’کورونا وائرس ‘ کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’مہلک وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے سے ہمارے ہاں بہت زیادہ پرخطر مقامات ہیں- ان میں کارکنان کی رہائش سرفہرست ہے- جہاں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور ان کے ٹیسٹ مثبت آرہے ہیں‘-
وزارت صحت کے ترجمان نے غیر ملکی کارکنوں، ان کے منتظمین، کمپنیوں اور اداروں کے مالکان سے مطالبہ کیا کہ وہ رہائش پر حفاظتی تدابیر کی پابندی کریں-
وزارت صحت کے ترجمان نے توجہ دلائی کہ متعدد زبانوں میں کارکنان کے لیے آگہی پیغامات تیار کیے گئے ہیں جنہیں ایس ایم ایس کے ذریعے بھیجا جا رہا ہے-

غیرملکی کارکن کے لیے آگاہی پیغامات تیار کیے گئے ہیں (فوٹو: سوشل میڈیا)

وزارت صحت کے ترجمان نے کارکنوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ آگاہی پیغامات غور سے سنیں اور ان پر عمل کریں-
پیغامات میں کہا جا رہا ہے کہ وہ اگر کورونا کی علامت مثلاً کھانسی، سانس لینے میں تکلیف اور تیز بخارمحسوس کریں تو سرکاری و نجی ہسپتال پہنچ کر مفت علاج کرائیں-
اس کے علاوہ  وزارت صحت کی جانب سے جاری کیا گیا ٹول فری نمبر937 پر بھی رابطہ کر کے مفت ہدایات ورہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔

شیئر: