Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حجر اسود کی صفائی اور مرمت کا کام مکمل

حجراسود کی صفائی سال میں تین سے چار بار کی جاتی ہے-(فوٹو سبق)
خانہ کعبہ میں نصب حجراسود کی صفائی اور مرمت کا کام مکمل کرلیا گیا-  
یہ بات سو برس سے زیادہ عرصے سے حجراسود کی صفائی کا اعزاز رکھنے والے بدر الصائغ الجواہرجی خاندان ایک بزرگ نے بتائی ہے-
یاد رہے کہ حجراسود کی صفائی سال میں تین سے چار بار کی جاتی ہے-
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ وضاحت سوشل میڈیا پرحجراسود سے متعلق  وڈیو کلپ جاری ہونے کے بعد سوالات کے تناظر میں دی گئی ہے-
الجواہر جی خاندان کے بزرگ فیصل بن محمد محمود بدر نے بتایا کہ حجراسود کی صفائی اور مرمت کا کام مکمل کیا گیاتھا۔ اس سے متعلق وڈیو سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ہے-
فیصل بدر نے مزید کہاکہ ہمارے خاندان کو حجر اسود کی صفائی کا اعزاز سو برس سے حاصل ہے- حجراسود کے ٹکڑوں کو چاندی کے فریم میں ترتیب وار رکھا جاتا ہے پھر حجراسود کو اعلی درجے کے عود سے معطر کیاجاتا ہے-

دنیا بھر کے مسلمان حجراسود سے گہری عقیدت رکھتے ہیں-(فوٹو سبق)

فیصل بدر نے بتایا کہ ہمارا خاندان سال میں تین سے چار بار میزاب رحمت، خانہ کعبہ کے دروازے اور حجراسود کی اصلاح و مرمت کی سعادت حاصل کرتا ہے-
دنیا بھر کے مسلمان حجراسود سے گہری عقیدت رکھتے ہیں- مسلمانوں کا ماننا ہے کہ یہ جنت کے پتھروں میں سے ایک ہے- عمرہ، حج اور زیارت پر آنے والے لاکھوں لوگ حجراسود کو چھونے اور اسے بوسہ دینے کی کوشش کرتے ہیں-
اکثر کو یہ معلوم نہیں کہ حجراسود کی صفائی، مرمت اور اسے معطر کرنے کا کام مقررہ نظام الاوقات کے مطابق انجام دیاجاتا ہے- یہ اعزاز شیخ محمود بدر کے خاندان والوں کو حاصل ہے-

شیئر: