Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یورپ، نیویارک میں کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں پیشرفت

اس وائرس سے یورپ بھی بہت متاثر ہوا ہے (فوٹو:روئٹرز)
کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی امریکی ریاست نیویارک  کے گورنر اینڈریو کیومو نے کہا ہے کہ نیویارک میں اس وبا کے پھیلاؤ میں کمی آرہی ہے۔
خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق نیویارک کے گورنر اینڈریو کیومو نے اعلان کیا ’اس کمی کے جاری رہنے کا انحصار ان اقدامات پر ہے جو ہم نے لیے ہیں، لیکن اب اس وبا کے پھیلاؤ میں کمی آرہی ہے۔‘
گورنر اینڈریو کیومو کے مطابق یہ ہمارے لیے اچھی خبر ہے کیونکہ اس سے پہلے کورونا وائرس سے متعلق ہمارے پاس خوفناک خبریں تھیں۔ 
ان کا مزید کہنا تھا ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ہم اس خطرناک وائرس کو قابو میں رکھیں۔
امریکہ میں نیویارک کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، نیو یارک میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 13ہزار  ہے جبکہ دو لاکھ 26 ہزار لوگ متاثر ہوئے ہیں۔
نیویارک شہر کے سینٹرل پارک میں ایک فیلڈ ہسپتال بنایا گیا ہے۔ ریاست کی جانب سے شہریوں کو کہا گیا ہے کہ گھروں میں رہیں اور صرف ضروری کاموں کے لیے گھر سے نکلیں۔
نیویارک کے گورنر نے کہا تھا کہ سخت اقدامات کے ذریعے ہم برے وقت کو ختم کر سکتے ہیں۔
امریکہ میں کورونا وائرس سے سات لاکھ 42 ہزار سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 40 ہزار زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

امریکہ میں نیویارک کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے (فوٹو:روئٹرز)

اس وائرس سے یورپ بھی بہت متاثر ہوا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق یورپ میں بھی کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں پیشرفت دیکھی گئی۔
یورپی ممالک اٹلی فرانس، سپین، اور برطانیہ میں کورونا وائرس کی وجہ سے اموات میں کمی نظر آنے لگی ہے۔ اسی طرح انفیکشن کی شرح میں بھی کمی دیکھی گئی ہے۔
سپین میں ایک لاکھ 95 ہزار، اٹلی میں ایک لاکھ 78 ہزار، فرانس میں ایک لاکھ 52 ہزار، جرمنی میں ایک لاکھ 44 ہزار اور برطانیہ میں ایک لاکھ 21 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
 
  

شیئر: