Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اب ہم اس جنگ میں نئے محاذ کھول سکتے ہیں‘

صدر ٹرمپ کو رواں سال نومبر میں نئے الیکشن کا سامنا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس سے متاثرہ اپنے ملک میں لاک ڈاؤن سے گزرنے والی ریاستوں کے لیے نئی گائیڈ لائنز جاری کی ہیں جس کے تحت معیشت کو دوبارہ کھولا جائے گا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صدر ٹرمپ نے نیوز کانفرنس  میں بتایا کہ ’تازہ ترین دستیاب ڈیٹا کی بنیاد پر ہمارے ماہرین کی ٹیم نے اتفاق کیا ہے کہ اب ہم اس جنگ میں نئے محاذ کھول سکتے ہیں۔ ہم اپنا ملک کھول رہے ہیں۔‘ 
امریکی صدر نے چین کا نام لیے بغیر ایک بار پھر کہا کہ ان کی حکومت کو مناسب انداز سے کورونا وائرس کے متعلق خبردار نہیں کیا گیا تھا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق تین مرحلوں پر مشتمل ان گائیڈ لائنز کا اعلان کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ­­’ہم سب کچھ ایک ساتھ نہیں کھول رہے مگر ایک وقت میں ایک محتاط قدم اٹھائیں گے۔‘
قبل ازیں صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ ملکی معیشت کو ایک ’بڑے دھماکے‘ سے دوبارہ کھولیں گے۔

 

امریکہ میں کورونا وائرس سے دنیا میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں جن کی تعداد 33 ہزار ہے۔
خیال رہے کہ دنیا میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 44 ہزار ہو چکی ہے۔
صدر ٹرمپ کی جانب سے جاری کی گئی گائیڈ لائنز یا سفارشات میں ریاستوں سے کہا گیا ہے کہ 'منصوبے کے مطابق لاک ڈاؤن کھولنے سے قبل وائرس کے کیسز میں 14 دنوں میں کمی کر کے دکھائیں۔'
روئٹرز کے مطابق صدر ٹرمپ کی گائیڈ لائنز ریاستوں کے گورنرز کے لیے سفارشات ہیں، حکم نامہ نہیں۔
روئٹرز کے مطابق نئی پالیسی صدر ٹرمپ کے اس موقف میں نرمی ہے جس میں انہوں نے پیر کو کہا تھا کہ 'ریاستیں کھلی رکھنے یا بند کرنے کا اختیار ان کا ہے اور وہ خود حکم نامہ جاری کرنے کے مکمل مجاز ہیں۔' روئٹرز کے مطابق نئی گائیڈ لائنز بعض ریاستوں کے لیے 30 اپریل تک کے لاک ڈاؤن کے تحت ہیں۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ 'جو ریاستیں سفارشات کے معیار پر پورا اتریں وہ دوبارہ کھلنے کے پہلے مرحلے میں جمعے کو داخل ہو جائیں گی۔' انہوں نے کہا کہ 'جلد ہی 29 ریاستیں دوبارہ کھلنے کی پوزیشن میں ہوں گی۔'

شیئر: