وزارت خارجہ نے واپس آنےوالے شہریوں کی سہولت کےلیے پورٹل لانچ کیا(فوٹو،عاجل نیوز)
کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد قومی اور بین الاقوامی سفر پر عائد پابندیوں کے سبب مختلف ممالک میں رہ جانے والے سعودیوں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔
سعودی حکومت نے اپنے شہریوں کو واپس لانے کےلیے خصوصی پروازوں کا سلسلہ بھی شروع کررکھا ہے۔ وزارت خارجہ کی جانب سے ٹویٹر پر کہا گیا ہے کہ ’مصرمیں رہ جانے والے سعودیوں کا پہلا گروپ آج 20 اپریل کومصر کے شہر قاھرہ سے جدہ پہنچ گیا‘۔
ویب نیوز’عاجل‘ نے وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا کہ ’قاھرہ سےآنے والے سعودیوں کو جدہ ایئرپورٹ پر خوش آمدید کہتے ہوئے انہیں مقررہ احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے خصوصی بسوں کے ذریعے ہوٹلوں میں پہنچا دیا گیا جہاں انہیں وزارت صحت کی نگرانی میں 2 ہفتے رکھا جائے گا اس دوران اگر کسی میں کورونا وائرس پایا گیا تو اسے کورنٹائن کردیاجائے گا‘۔
واضح رہے کورونا وائرس کی وجہ سے بین الاقوامی پروازیں بند ہونے کے بعد سعودی شہری مختلف ممالک میں رہ گئے تھے جنہیں واپس لانے کے لیے حکومت نے احکامات جاری کرتے ہوئے خصوصی پروازوں کی اجازت دی تھی۔
حکومتی احکامات پرعمل کرتےہوئے وزارت خارجہ سے اپنی ویب سائٹ پر واپس آنے والوں کی سہولت کے لیے پورٹل لانچ کیا جس میں واپس آنے کے خواہشمند اپنا انداراج کراتے ہیں۔
وزارت خارجہ کی جانب سے مختلف ممالک میں رہ جانے والے شہریوں کی واپسی سے قبل ان کے قیام و طعام کا بھی بندوبست کیا جاتا ہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ شہریوں کی واپسی سےقبل طبی معائنہ بھی کیاجاتاہے۔
کورونا وائرس سے بچاو کےلیے وزارت صحت نے تمام انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر خصوصی یونٹس تعینات کیے ہیں جہاں آنے والوں کی مکمل سکریننگ کی جاتی ہے تاکہ اس امرکی یقین دہانی کی جاسکے کہ مسافروں میں سے کوئی کورونا وائرس کا شکار تو نہیں۔
آنے والے مسافروں کو پہلے سے بک کیے گئے ہوٹلز جنہیں آئسولیشن قرار دیا گیاہے میں پہنچادیاجاتا ہے جبکہ وزارت صحت کی جانب سے مختلف ہوٹلوں کو ’قرنطینہ ‘ کے طور پر بھی استعمال کیاجارہا ہے جہاں طبی عملہ ہمہ وقت موجود رہتا ہے۔