ہردیک پاڈیا نے خواتین کے خلاف نازیبا کلمات ادا کیے تھے (فوٹو: سوشل میڈیا)
انڈین کرکٹ ٹیم کے مشہور آل راؤنڈر ہردیک پانڈیا نے پروگرام 'کافی ود کرن' میں اپنے متنازع بیان سے متعلق پہلی بار بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اس پروگرام کی کافی سٹاربکس کی کافی سے مہنگی پڑی۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق کافی ود کرن میں انہوں نے خواتین سے متعلق نازیبا کلمات ادا کیے تھے جس کی وجہ سے ان کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اس شو میں شرکت کے بعد ہردیک پانڈیا اور ان کے ساتھی کرکٹر راہل کے پیشہ ورانہ کیریئر کو دھچکا لگا تھا۔
بعد میں ہردیک پانڈیا نے اپنے الفاظ پر معذرت کی تھی۔
انڈین کرکٹرز کے ساتھ انسٹا گرام پر ایک لائیو سیشن کے دوران ہردیک پانڈیا کا کہنا تھا ’میں کافی نہیں پیتا بلکہ سبز چائے پیتا ہوں۔ میں نے ایک دفعہ کافی لی اور وہ بہت مہنگی پڑ گئی تھی۔‘
ان کا مزید کہنا تھا ’شرط لگا سکتا ہوں کہ سٹاربکس کے پاس بھی اتنی مہنگی کافی نہیں ہوگی۔‘
تاہم اس لائیو سیشن کے دوران انڈین وکٹ کیپر دینیش کارتک نے اپنے مداحوں سے درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ کافی سے متعلق کرکٹر ہردیک پانڈیا سے کوئی بھی متنازع سوال نہ پوچھا جائے۔
انسٹاگرام کے اس سیشن میں انڈین کھلاڑیوں نے مختلف موضوعات سمیت کورونا وائرس کی وجہ سے انڈین پریمیئر لیگ کے ملتوی ہونے سے متعلق بات چیت کی۔
کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے نافذ کیے گئے لاک ڈاؤن کی وجہ سے لوگ گھروں میں رہنے پر مجبور ہیں۔
ایسی صورتحال میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بالخصوص مشہور شخصیات خود کو مصروف رکھنے کے لیے کچھ نہ کچھ کرتے رہتے ہیں۔