Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شبلی فراز وزیر اطلاعات، عاصم باجوہ معاون خصوصی تعینات

اس سے قبل عاصم سلیم باجوہ سی پیک اتھارٹی کے سربراہ تھے
پاکستان کی وفاقی حکومت نے وزرات اطلاعات میں بڑی تبدیلی کا اعلان کرتے ہوئے سینٹ میں قائد ایوان سنیٹر شبلی فراز کو نیا وفاقی وزیر اطلاعات مقرر کر دیا ہے جبکہ سابق ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل (ریٹائرڈ) عاصم سلیم باجوہ کو وزیراعظم کا معاون خصوصی برائے اطلاعات تعینات کر دیا گیا ہے۔
سرکاری ٹی وی (پی ٹی وی) پر دونوں تعیناتیوں کا اعلان کیا گیا ہے تاہم وزیراعظم کی سابق معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کے حوالے سے نہیں بتایا گیا کہ عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد ان کو کوئی اور قلمدان سونپا جائے گا یا نہیں۔ 
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری جن کی فردوس عاشق اعوان سے رقابت ڈھکی چھپی نہیں نے بھی اپنی ایک ٹویٹ میں سنیٹر شبلی فراز اورجنرل  عاصم سلیم باجوہ کی تعیناتی کا بتایا ہے اور اس اقدام کی تعریف کی ہے۔
ان نئی تقرریوں کے حوالے سے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وہ وزیراعظم کے فیصلے کا احترام کرتی ہیں۔ ٹوئٹر پر انہوں نے لکھا ہے کہ 'وزیراعظم کا شکریہ انہوں نے مجھ پر اعتماد کیا۔'
ان تعیناتیوں سے قبل وفاقی کابینہ کے دونوں نئے ارکان مختلف عہدوں پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔
عاصم سلیم باجوہ اور شبلی فراز کون ہیں؟
لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بنائے جانے سے قبل پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کے چیئر پرسن کے طور پر کام کر رہے تھے۔

فردوس عاشق اعوان کو کوئی نئی ذمہ داری سونپی گئی ہے یا نہیں، اس حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا (فوٹو: پی آئی ڈی)

خیال رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 8 اکتوبر 2019 کو آرڈیننس کے ذریعے چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی قائم کرنے کی منظوری دی تھی جس کے بعد وفاقی حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کو اس کا چار سال کے لیے سربراہ مقرر کیا تھا ۔
ریٹائرمنٹ سے قبل عاصم سلیم باجوہ فوج میں کمانڈر سدرن کمانڈ کے طور پر کوئٹہ میں خدمات سرانجام دے رہے تھے۔ وہ  2012 سے  2016 تک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر بھی خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔

سنیٹر شبلی فراز

سنیٹر شبلی فراز پاکستان کے ممتاز اردو شاعر احمد فراز کے صاحبزادے ہیں۔ وہ آج تک سینٹ میں قائد ایوان کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے تھے۔
وہ سن 2015 میں خیبرپختونخوا سے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر سنیٹر منتخب ہوئے تھے۔
انہوں نے سینٹ میں ڈپٹی چئیرمین کے عہدے کا انتخاب بھی لڑا تھا تاہم دوسرے نمبر پر آئے تھے۔ وہ پیشے کے اعتبار سے ایک انویسٹمنٹ بینکر ہیں اور سیاست سے قبل وہ پاکستان ایئر فورس میں بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔

شیئر: