Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پروازوں کی بحالی کی افواہیں اور السعودیہ کی وضاحت

پروازوں کی بحالی کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے.(فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی عریبین ایئرلائنز نے واضح کیا کہ پروازوں کی بحالی کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے.
سبق ویب سائٹ کے مطابق سوشل میڈیا پریہ خبر وائرل ہوگئی کہ سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) نے پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے. یہ بھی دعوی کردیا کہ یکم جون 2020 سے سعودی عرب کی داخلی پروازیں بحال ہوجائیں گی.
 خبروائرل ہونے پرالسعودیہ کے ریزرویشن دفاتر میں مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی طرف سے ٹیلیفونک رابطوں کا تانتا بندھ گیا.
ہزاروں لوگوں نے آن لائن ریزرویشن کے لیے کوشش کی جبکہ سیکڑوں وہ بھی تھے جنہوں نے السعودیہ کے اہلکاروں سے حقیقت حال  معلوم کرنے کے لیے بھی رابطے شروع کردیے.
سعودی عریبین ایئرلائنز نے بیان جاری کرکے واضح کیا کہ پروازوں کی بحالی کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے. یکم جون 2020 سے داخلی پروازیں شروع کرنے کا دعوی سراسر غلط ہے. ابھی ریزرویشن کی کارروائی شروع نہیں کی جارہی ہے.
السعودیہ نے بیان میں مزید کہا کہ جب بھی پروازوں کی بحالی کا فیصلہ ہوگا اس کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا.
 بیان میں کہا گیا کہ پروازوں کی بحالی متعلقہ اداروں کے فیصلوں پر منحصر ہے. کوئی بھی شخص السعودیہ سے متعلق معلومات السعودیہ کے سرکاری ذریعے کے علاوہ کہیں اور سے حاصل نہ کرے.
یاد رہے کہ نئے کورونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکنے اور مقامی شہریوں نیز غیرملکیوں کو مہلک وائرس سے بچانے  کے لیے سعودی عرب سمیت دنیا بھر کے ممالک پروازوں، سمندری جہازوں اور بری ٹرانسپورٹ پر پابندی لگائے ہوئے ہیں.

شیئر: