لاک ڈاؤن کے دوران لوگ گھروں میں رہنے پر مجبور ہیں جس کی وجہ سے کوئی اچھا شیف بننے کی کوشش میں لگا ہوا ہے تو کسی کو یہ وقت ’می ٹائم‘ کے لیے بہت بہترین لگ رہا ہے۔ آرٹ ورک، گھر کی سجاوٹ، صفائی ستھرائی یا پھر خود کا خیال رکھنے کے لیے یہ وقت بہترین ہے۔
گھر کی تزئین و آرائش کا موضوع سوشل میڈیا صارفین کے ہاتھ لگا تو نہ صرف تجربات بلکہ اپنی کاوشوں کے نتائج اور خوبصورت آئیڈیاز بھی تصاویر کے ذریعے شیئر ہونے لگے۔
اداکارہ شگفتہ اعجاز جن کا تعلق پنجاب کے ضلع گجرات کے ایک چھوٹے قصبے سے ہے، نے گاؤں کی یاد میں اپنے گھر کی چھت کو ہی 'گاؤں' کی شکل دے ڈالی۔
انہوں نے انسٹاگرام پر اپنی چھت پر بنے 'گاؤں' کی تصاویر بھی شئیر کیں جنہیں انسٹاگرام صارفین نے بے حد پسند کیا۔ اس 'گاؤں' کا نام انہوں نے ’سوہنا سکھ وال‘ رکھا ہے۔ انہوں نے انسٹاگرام پر جو تصاویر شئیر کی ہیں ان میں شگفتہ چارپائی پر آرام کر رہی ہیں۔
ان تصاویر پر کمنٹ کرتے ہوئے اداکار منیب بٹ نے لکھا کہ 'لگتا ہے پارلر بند ہو گیا ہے اس لیے آپا جی آرام کر رہی ہیں۔' شگفتہ اعجاز نے جواب دیا 'اور کیا کریں پھر!'
شگفتہ اعجاز وہ اداکارہ ہیں جو کوئی بھی کردار کریں، تو ایسا لگتا ہے جیسے یہ کردار ان ہی کے لیے بنا ہے۔
ان کی یہ تصاویر سوشل میڈیا صارفین نے بے حد پسند کی ہیں جس کی وجہ سے انہوں نے کچھ دن بعد اس گاؤں میں اپنی کھانے پکانے کی ویڈیو بھی اپلوڈ کی۔
انسٹاگرام صارف زارا نے لکھا کہ 'واہ! اس گاؤں نے مجھے میرے پنڈ کی یاد دلا دی۔'
پاکستانی اداکارہ عائزہ خان نے بھی کمنٹ میں لکھا کہ 'میں بھی آ رہی ہوں۔'