جن ڈاکٹروں نے جان بچائی، بیٹے کا نام ان ہی کے نام پر
جن ڈاکٹروں نے جان بچائی، بیٹے کا نام ان ہی کے نام پر
ہفتہ 2 مئی 2020 18:58
بورس جانس اور سائمنڈز کے ہاں بدھ کو بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی (فوٹو: اے ایف پی)
برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن اور ان کی منگیتر کیری سائمنڈز نے اپنے نومولود بیٹے کا نام ولفریڈ لوری نکولس رکھا ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق یہ نام انتہائی نگہداشت وارڈ کے ان دو ڈاکٹرز کے نام پر انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے رکھا گیا ہے جنہوں نے کورونا وائرس کا شکار ہونے والے برطانوی وزیراعظم کی جان بچائی تھی۔
وزیراعظم کی منگیتر نے سنیچر کو انسٹاگرام پر اپنی اور اپنے بیٹے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اس نام کا اعلان کیا ہے۔ ان کے بیٹے کے بھی گھنے اور بالکل اپنے والد کے بالوں کی طرح سنہرے رنگ کے بال ہیں۔
32 سالہ سائمنڈز نے بدھ کو پیدا ہونے والے بچے کے بارے میں کہا ہے کہ 'ولفریڈ، بورس جانسن کے دادا جبکہ لوری میرے دادا کے نام سے لیا گیا ہے۔'
سائمنڈز کا کہنا ہے کہ 'بیٹے کے نام کا تیسرا حصہ 'نکولس' سینٹ تھامس ہسپتال کے دو ڈاکٹروں 'نِک پرائس' اور 'نِک ہارٹ' کے ناموں کو ملا کر رکھا گیا ہے جنہوں نے گذشتہ ماہ بورس جانسن کی جان بچائی تھی۔'
ان کا کہنا ہے کہ 'میں اس سے زیادہ خوش نہیں ہو سکتی۔ میں یونیورسٹی کالج لندن ہسپتال کے میٹرنٹی سٹاف کا بھی شکریہ ادا کرتی ہوں۔'
پبلک ریلیشن ایگزیکٹو رہنے والی سائمنڈز میں بھی کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہوئی تھیں تاہم وہ بہت جلد صحت یاب ہو گئی تھیں۔ انہوں نے فروری میں بتایا تھا کہ 'ان کے ہاں بچے کی ولادت موسم گرما میں متوقع ہے۔'
بورس جانسن گذشتہ ماہ کورونا وائرس سے شدید متاثر ہونے کے بعد سینٹ تھامس ہسپتال میں انتہائی نگہداشت میں زیر علاج رہے تھے۔ انہوں نے اپنی دیکھ بھال کرنے پر سینٹ تھامس ہسپتال کے ڈاکٹرز اور طبی عملے کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔
بورس جانسن جو بیٹے کی پیدائش کے وقت ہسپتال میں موجود تھے رواں برس کے آخر میں والد بننے کی چھٹیاں لیں گے۔