ضرورت مندوں کے لی امدادی پیکیج اسلامی روایت ہے (فوٹو واس)
سعودی عرب کی وزارت اسلامی امور و دعوۃ وارشاد نے دنیا کے کئی ممالک میں رمضان کے مہینے میں افطار پیکٹس کی ترسیل کا سلسلہ جاری کر رکھا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق وزارت اسلامی امور کی جانب سے رمضان کے مہینے میں 10 لاکھ افراد کے لیے افطار پیکٹس کا انتظام کیا گیا ہے۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دنیا کے 18 ممالک میں افطار پیکٹس تقسیم کرنے کے لیے 50 لاکھ ریال کی منظوری دی ہے۔
کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لیے خوراک کے پیکٹس ضرورت مندوں کے گھروں تک پہنچانے کا انتظام بھی کیا جا رہا ہے۔
پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے پاکستان کے وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کے ساتھ مل کر اس کام کا آغاز کر رکھا ہے۔
اس موقع پر نواف المالکی نے بتایا کہ سعودی عرب کی جانب سے ضرورت مندوں کے لیے یہ امدادی پیکیج اسلامی روایات کے عین مطابق ہے۔
نور الحق قادری نے پاکستان کو فراہم کی جانے والی اس امداد پر حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا انتہائی شکریہ ادا کیا ہے۔
انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں تعینات سعودی سفیر عصام بن عابد الثقفی نےضرورت مندوں کے لیے افطار پیکٹس کی تقسیم کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ اس پیکٹ میں روزہ داروں کے لیے مختلف قسم کا راشن شامل ہے۔
بیونس آئرس کے کنگ فہد اسلامی ثقافتی مرکز میں سعودی وزارت اسلامی امور کی جانب سے اس پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے۔
ارجنٹائن میں سعودی نائب سفیر محمد العیدان نے بتایا ہے کہ یہ سلسلہ سعودی عرب کی جانب سے ماہ مبارک میں دنیا بھر کے مسلمانوں کی مدد کے متعدد منصوبوں کا حصہ ہے۔
کنگ فہد اسلامی ثقافتی مرکز کے ڈائریکٹر علی بن عود الشمرانی نے بتایا ہے کہ مقدس مہینے میں کورونا وائرس کے لیے احتیاطی تدابیر کے تحت 400 پیکٹس مختلف خاندانوں میں تقسیم کئے گئے ہیں جو چار ہزار افراد کے لیے ہیں۔
بوسنیا ہرزگووینا میں سعودی سفیر ہانی بن عبداللہ بن محمد مومنہ نے سرائیو میں وزارت اسلامی امور کے کنگ فہد اسلامی ثقافتی مرکز میں امدادی پروگرام کا سلسلہ جاری کر رکھا ہے۔
کنگ فہد کلچرل سنٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد بن حسن الشیخ نے کہا ہے کہ اس سال صحت کی عالمی صورتحال کے پیش نظر بوسنیا ہرزگوینا کے تمام علاقوں میں ضرورتمندوں کو رمضان پیکٹس تقسیم کئے جارہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس کے علاوہ کروشیا، سربیا، مقدونیہ،البانیہ، کوسوو اور مونٹی نیگرو میں 60 ہزار سے زیادہ ضرورت مندوں میں امداد تقسیم کی جائے گی۔