سعودی عرب میں عسیر اور ریاض میونسپلٹی نے حفاظتی تدابیر کی خلاف ورزی کرنے والی دکانیں اورتجارتی مراکز بند کرادیے.
کورونا بحران سے نمٹنے اور اسے پھیلنے سے روکنے کے لیے سعودی عرب کے تمام شہروں کی میونسپلٹیاں اور بلدیاتی کونسلیں حفاظتی تدابیر کی پابندی کرانے کے لیے مسلسل چھاپے مار رہی ہیں.
خلاف ورزی پر متعلقہ تجارتی اداروں کے خلاف فوری کارروائی بھی کی جارہی ہے.
اخبار 24 کے مطابق ریاض میونسپلٹی نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا سے بچانے کے لیے مقرر انتظامات نہ کرنے پر 41 تجارتی ادارے سربمہر کردیے.
ان پر بھاری جرمانے لگائے گئے جبکہ مالکان کو مزید تادیبی کارروائی کے لیے متعلقہ سرکاری اداروں کے حوالے کردیا گیا-
دوسری جانب الوطن اخبار کے مطابق عسیر میونسپلٹی نے حفاظتی تدابیر کی پابندی نہ کرنے پر ابہا شہر کا ایک مال اور پانچ تجارتی مراکز بند کرادیے.
عسیر میونسپلٹی کے اعلی عہدیدار ڈاکٹر محمد العاوی نے بتایا کہ ہماری ٹیمیں مارکیٹ کی چوبیس گھنٹے نگرانی کررہی ہیں. چھاپہ مہم کےدوران ایک مال اورایسے پانچ تجارتی ادارے ریکارڈ پر آئے جہاں میونسپلٹی قوانین اور صحت ضوابط کی پابندی نہیں کی جارہی تھی.
عسیر میونسپلٹی کے اہلکاروں نے ابہا شہر میں 7 مختلف مقامات پر ریڑھی کے ذریعے سامان بیچنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی. ان کا سامان ضبط کرکے فلاحی انجمنوں کے حوالے کردیا گیا.