امریکہ میں نافذ لاک ڈاؤن کے باعث گزشتہ ماہ میں تقریباً دو کروڑ افراد بیروزگار ہوئے ہیں، جبکہ بعض معاشی ماہرین کے مطابق درحقیقت تین کروڑ سے زیادہ امریکی شہری اپنی نوکریوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
ماہرین کے اندازے کے مطابق امریکہ میں بیروزگاری کی شرح میں 16 فیصد مزید اضافہ ہوگا۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی معاشی ٹیم پرامید ہے کہ وائرس پر قابو پانے اور کاروباری مراکز کھلنے کے بعد بیروزگار افراد میں خاطر خواہ کمی آئے گی۔
امریکی معاشی ماہر جول ناروف کے مطابق اگر حالات برقرار رہے تو چار کروڑ افراد کے بیروز گار ہونے کا اندیشہ ہے، جس سے امریکہ کو ایک مرتبہ پھر 1930 والے معاشی بحران کے دوران پیدا ہونے والی صورتحال سے دوچار ہونا پڑے گا۔
امریکی یونیورسٹی جان ہاپکنز کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد 38 لاکھ 45 ہزار 718 ہوگئی ہے، جبکہ اموات دو لاکھ 69 ہزار567 ہوگئی ہیں۔
امریکہ کے بعد سپین کورونا سے شدید متاثر ہوا ہے جہاں اب تک دو لاکھ 21 ہزار 447 شہریوں میں کورونا کی تشخیص ہوچکی ہے۔
اٹلی میں کورونا متاثرین کی تعداد دو لاکھ 15 ہزار 858، برطانیہ میں دو لاکھ 79 ہزار 77 ہے۔ جبکہ روس میں کورونا کے کیسز یکدم بڑھنے کے تعداد متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 77 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔