صدر ٹرمپ نومبر میں صدراتی انتخابات سے قبل معیشت میں تیزی لانا چاہتے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکہ میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے دو ہزار 333 مزید اموات ریکارڈ کی گئی ہیں، تاہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس کے باوجود امریکی کی معیشت کو کھولنے پر زور دیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایک ماسک فیکٹری کے دورے پر ٹرمپ نے کہا کہ، 'ہم اپنا ملک اگلے پانچ برسوں تک بند نہیں رکھ سکتے۔'
ان کا کہنا تھا کہ معیشت کو بند رکھنے سے کچھ طبقے بہت بری طرح متاثر ہوں گے۔
امریکہ میں اب تک کورونا وائرس کے باعث 70 ہزار سے رہادہ اموات ہو چکی ہیں۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دو ہزار تین سو 33 اموات ریجسٹر ہوئیں۔
بعض سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ جون تک روزانہ کی بنیاد پر تین ہزار اموات ہونے کے امکانات ہیں۔
تاہم صدر ٹرمپ نے ملک کی ریاستوں کو کورونا وائرس کے باعث کیے جانے والے لاک ڈاؤن میں نرمی لانے کہا ہے کیونکہ وہ نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات سے قبل دنیا کی سب سے بڑی معیثت میں تیزی لانا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ موجودہ لاک ڈاؤن سے امریکہ کی معیشت کو جو نقصان ہوا ہے اسے 1920 کی دہائی کے بڑے معاشی بحران یا گریٹ ڈپریشن سے تشبیہ دی جا رہی ہے۔ موجودہ حالات میں ملک میں لاکھوں کی تعداد میں لوگ بے روزگار بھی ہوئے ہیں۔
امریکی حکومت اور سینٹرل بینک نے معیشت کو مکمل طور پر ختم ہونے سے بچانے کے لیے صرف مارچ کے مہینے میں تین ٹریلین ڈالر کی مالی امداد کی منظوری دی تھی۔
اس کے باوجود ملک کی معیشت کو بحران کا سامنا ہے، جبکہ لوگوں میں یہ ڈر ہے کہ لاک ڈاؤن میں عارضی طور پر بند ہونے والی کمپنیوں کو ہمیشہ کے لیے اپنا کاروبار نہ بند کرنا پڑ جائے۔