سماجی دوریوں کے ساتھ آباد ہوتا ایک نیا جہاں: تصاویر
دنیا کے کئی ممالک میں کورونا وائرس کے باعث کیے گئے لاک ڈاؤن میں نرمی کی جا رہی ہے، لیکن وبا پھیلنے کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے اور سماجی فاصلہ قائم رکھنا اب بھی بہت ضروری ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دنیا بھر میں لوگ سماجی فاصلے کو برقرار رکھتے ہوئے کس طرح بازاروں، مالز اور دیگر جگہوں پر گھوم پھر رہے ہیں۔
نیدرلینڈز کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم میں نہر کنارے ایک ریستوران کے باہر کھانا کھانے والے یہ اصلی گاہک نہیں ہیں بلکہ ماڈلز ہیں جن پر تجربہ کر کے یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ سماجی فاصلے کو برقرار رکھتے ہوئے ریستوران کو کیسے چلایا جا سکتا ہے۔
یہ تصویر بھی اسی ریسٹورنٹ کی ہے جس میں ویٹریسز فرضی گاہکوں کے لیے کھانا لے کر آ رہی ہیں۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں لی گئی یہ تصویر ایک شاپنگ مال کی ہے جس میں لوگ سماجی فاصلہ قائم رکھنے کے لیے لگائے گئے نشانات پر کھڑے ہیں۔
تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں لوگ حال ہی میں کھلنے والے ’پینگوئن ایٹ شابو‘ ریستوران میں کھانا کھا رہے ہیں، اور ان کے درمیان پلاسٹک شیٹس کے ساتھ فاصلہ قائم کیا گیا ہے۔
امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں خواتین کو ’بیلا رینووا‘ نامی سیلون میں دیکھا جا سکتا ہے جو شیشے کے بنے کیبنز میں نیم دراز حالت میں اپنے بال دھلوا رہی ہیں۔
بیلجئیم کے دارالحکومت برسلز میں لوگ مرسڈیز گاڑیوں کے شو روم میں سماجی دُوری کے لیے لگائے گئے نشانات پر کھڑے اپنی باری کا انتظار کر رہے ہیں۔
یہ سفید دائرے فرانس کے شہر نائیس کے ایک ٹرام سٹیشن پر لگائے ہیں تاکہ لوگوں کو معلوم ہو کہ ٹرام میں سوار ہونے کے لیے کہاں کھڑے ہونا ہے۔