کیش فری پروگرام: بقالوں کو دی گئی مہلت اتوارسے ختم
کیش فری پروگرام: بقالوں کو دی گئی مہلت اتوارسے ختم
ہفتہ 9 مئی 2020 18:08
بقالوں پر سپن سسٹم کے حوالے سے چیکنگ ہو گی (فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی عرب میں تجارتی پردہ پوشی کے خاتمے کے لیے شروع کیے جانے والے منصوبے پر مرحلہ وار عمل جاری ہے. بقالوں (کریانہ سٹورز) کو دی گئی مہلت اتوار 10 مئی کو ختم ہو جائے گی.
سعودی بینکنگ کونسل کی جانب سے مملکت کے سطح پر موجود تمام بقالوں کو ہدایت کر دی گئی تھی کہ نقدی کا لین دین ختم کرتے ہوئے اپنی دکانوں میں بینک ڈیبٹ سسٹم (سپن) نصب کروائیں۔
اس ضمن میں وزارت بلدیات و دیگر اداروں کی جانب سے بھی سپن سسٹم کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بقالوں کو 10 مئی کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے عندیہ دیا گیا تھا کہ اس مہلت کے بعد بقالوں پر سپن سسٹم کے حوالے سے چیکنگ شروع کر دی جائے گی.
ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق سعودی عرب میں ’بلانقدی' منصوبے پر عمل درآمد کافی عرصے سے جاری ہے اس حوالے سے گذشتہ برس پیٹرول سٹیشننز پر سپن سسٹم کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ڈیڈ لائن مقرر کی گئی تھی.
ایسے پیٹرول سٹیشنز جہاں سپن سسٹم فراہم نہیں کیا گیا تھا ان پر جرمانے عائد کیے گئے بعدازاں منصوبے کو توسیع دیتے ہوئے مختلف شعبوں تک اس کا دائرہ عمل بڑھایا گیا تھا.
بینکنگ کونسل کے ذرائع کا کہنا تھا کہ بلانقدی منصوبے پر مقررہ اہداف کے مطابق کام تیزی سے جاری ہے. مرحلہ وار بنیادوں پر متعلقہ ادارے کرنسی فری سوسائٹی کے حوالے سے کام کر رہے ہیں.
بقالوں کو دی گئی مہلت کے حوالے سے ذرائع کا کہنا تھا کہ قانون پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے مختلف اداروں کے اہلکاروں پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی.
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ کرنسی فری سوسائٹی کے کافی فوائد ہیں موجودہ حالات کے حوالے سے بھی بینک کارڈ خریداری کے لیے انتہائی محفوظ ترین ذریعہ ہے.