Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جرمنی میں دوبارہ فٹ بال میچز کا انعقاد

انتظامیہ کی جانب سے کورونا وائرس سے بچنے کے لیے سخت حفاظتی انتظاماات کیئ گئے (فوٹو: اے ایف پی)
لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد جرمنی میں دو مقامی فٹ بال ٹیموں کے درمیان انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کے تحت فٹبال میچ ہوگا۔
یورپ میں جرمنی کی بنڈس لیگا پہلی لیگ ہے جس میں کھلاڑی ملک میں لاک ڈاؤن نافذ ہونے کے بعد ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کورونا وائرس سے بچنے کے لیے غیر معمولی انتظامات کرنے کے بعد جرمن فٹ بال لیگ نے چانسلر اینگلا مرکل اور ملک کے دیگر رہنماؤں کو کھیل دوبارہ شروع کرنے پر قائل کیا۔
فٹ بال کا سٹیڈیم تماشائیوں سے خالی ہوگا، اس میں صرف کھلاڑیوں کا آوازیں اور ریفری کی سیٹیوں کا شور سنائی دے گا۔
دیگر یورپی ممالک کے مقابلے میں جرمنی میں کورونا وائرس سے کم اموات ہوئی ہیں لیکن اب بھی مانا جا رہا ہے کہ ہجوم کی واپسی کسی خطرے سے کم نہیں۔
یہ میچ دو مقامی حریف ٹیموں بوروسیا ڈارٹ مُنڈ اور شائلکے کے درمیان کھیلا جائے گا۔
اس مقابلے کو عام حالات میں 82 ہزار شائقین نے سٹیڈیم میں بیٹھ کر دیکھنا تھا لیکن کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے شائقین کو اجازت نہیں۔
کورونا وائرس کے اینفیکشن کے خطرے کو کم سے کم کرنے کے لیے کھلاڑیوں اور انتظامی عملے کے ٹیسٹ باقاعدگی سے کیے گئے ہیں اور ہر فٹ بال کلب کو میچز میں حصہ لینے سے پہلے ایک ہفتے تک قرنطینہ میں رکھا گیا۔

لاک ڈاؤن کے باعث لوگ ان میچز کو سٹیڈیم میں دیکھنے نہیں آ سکیں گے (فوٹو: اے ایف پی)

سماجی فاصلے کے اصولوں پر عمل کرنے لیے فٹ بال کی یہ ٹیمیں متعدد بسوں میں سٹیڈیم پہنچے گی۔
کھلاڑیوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ میدان میں گولز کرنے کی خوشی منانے کے لیے ایک دوسرے کو گلے نہ لگائیں۔
متبادل کھلاڑیوں اور کوچز کو حفاظتی ماسک پہننے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بنڈس لیگا کے چیف ایگزیکٹو کرسچین سیفرٹ نے کہا ہے کہ فٹ بال کے یہ میچز عام دنوں کے میچز کے مقابلے میں مختلف محسوس ہوں گے۔

شیئر: