متعدد بیویاں رکھنے والوں کو کرفیو پاس جاری
’کرفیو پاس ہفتہ میں دو مرتبہ ہی جاری کیا جاسکتا ہے‘ ( فوٹو: اجیال)
کویت میں متعدد بیویاں رکھنے والے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو کرفیو کے دوران سفر کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
کویتی خبر رساں ایجنسی (کونا) کے مطابق شہری معلومات کے ادارے نے کہا ہے کہ ’متعدد بیویاں رکھنے والے افراد ادارے کی ویب سائٹ سے کرفیو پاس جاری کروا سکتے ہیں‘۔
ادارے نے کہا ہے کہ ’ایسے شہری جنہوں نے دوسری بیوی کا اندراج نہیں کروایا یا دوسرا عقد خفیہ رکھا ہوا ہے وہ معلومات کا اندراج کروا سکتے ہیں‘۔
’ویب سائٹ میں کوائف کا اندراج کرتے ہی دوسری بیوی شہری ریکارڈ میں شامل ہوجائے گی‘۔
’ایک سے دوسری بیوی کے گھر جانے کے لیے ہر مرتبہ نیا کرفیو پاس جاری کرنا ہوگا، اجرا کے بعد پاس کی مدت ایک گھنٹہ ہوگی‘۔
’دن میں دو کرفیو پاس جاری ہوسکتے ہیں، ایک پاس بیوی کے گھر جانے کے لیے اور دوسرا واپس آنے کے لیے جاری کیا جاسکتا ہے‘۔
ادارے نے واضح کیا ہے کہ ’اس طرح کا کرفیو پاس ہفتہ میں دو مرتبہ ہی جاری کیا جاسکتا ہے‘۔
واضح رہے کہ اتوار تک دستیاب اعداد وشمار کے مطابق کویت میں کورونا کے 14850 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ اب تک ہلاک شدگان کی تعداد112 ہے۔
کویت میں کورونا کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث حکومت نے 24 گھنٹے کرفیو نافذ کر رکھا ہے۔