’جمعہ کو عید کے چاند کا نظر آنا ممکن نہیں‘
المجمعہ یونیورسٹی کے فلکیاتی سینٹر نے کہا ہے کہ جمعہ کو عید کے چاند کا نظر آنا ممکن نہیں جبکہ دوسری طرف سپریم کورٹ نے ایک مرتبہ پھر جمعہ کو عید کا چاند دیکھنے کی اپیل کر دی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق المجمعہ یونیورسٹی کے تحت کام کرنے والے فلکیاتی مرکز نے کہا ہے کہ ’فلکی حساب سے جمعہ کو 29 واں روزہ ہوگا۔ اس دن سورج 6 بجکر 39 منٹ پر غروب ہوگا جبکہ چاند اس سے پہلے 6 بجکر 26 منٹ پر ڈوب جائے گا۔‘
’اس کا مطلب یہ ہوا کہ جمعہ کے روز چاند، سورج غروب سے ہونے سے 13 منٹ پہلے ہی ڈوب جائے گا جس کے باعث مجرد آنکھ سے یا جدید ترین آلات سے اس کا مشاہدہ ممکن نہیں۔‘
مرکز نے کہا ہے کہ ’جبکہ ہفتہ کے دن 30 واں روزہ ہوگا، اس دن سورج 6 بجکر 40 منٹ پر غروب ہوگا جبکہ چاند اس کے بعد 7 بجکر 23 منٹ پر ڈوبے گا۔‘
’اس روز عید کا ہلال سورج غروب کے بعد 43 منٹ تک افق پر ہوگا جس کے باعث کھلی آنکھ سے بھی اس کا مشاہدہ ممکن ہوگا۔‘
ادھر سپریم کورٹ نے تمام مسلمانوں سے ایک مرتبہ پھر اپیل کی ہے کہ جمعہ 29 رمضان کو عید کا چاند دیکھنے کی کوشش کی جائے۔
سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ ’سنت پر عمل کرتے ہوئے 29 ویں رمضان کو چاند دیکھا جائے، اگر کسی کو ہلال عید نظر آجائے تو وہ قریبی عدالت میں گواہی ریکارڈ کرے۔‘