Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کیسز 74 ہزار سے زیادہ، مزید 9 ہلاک

کورونا وائرس میں مبتلا 384 افراد کی حالت نازک ہے (فوٹو، سوشل میڈیا)
سعودی عرب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس میں مبتلا مزید 2235 افراد کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ وائرس سے متاثرہ مزید 9 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
وزارت صحت کے مرکزی ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے پیر کو یومیہ پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ مملکت میں مجموعی مریضوں کی تعداد 74 ہزار 765 ہو گئی جبکہ اب تک کووڈ 19 سے 399 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔


 سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے نے  وزارت صحت کے حوالے سے بتایا کہ پیر 25 مئی کو 2 ہزار 148 افراد صحتیاب ہوئے جن کے ساتھ ہی اس مرض سے شفایاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 45 ہزار 668 ہو گئی۔
مجموعی مریضوں میں سے 384 افراد کی حالت نازک ہے جنہیں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں رکھا گیا ہے جبکہ 28 ہزار 728 مریضوں میں وائرس ایکٹو ہے جن کا علاج جاری ہے۔
ڈاکٹر العبدالعالی نے مزید کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران جن نئے مزیضوں کی تصدیق ہوئی ہے ان میں 41 فیصد سعودی جبکہ 59 فیصد غیر ملکی شامل ہیں ۔ کووڈ 19 کے مریضوں میں 27 فیصد خواتین اور 73 فیصد مرد جبکہ 11 فیصد بچے اور 4 فیصد معمرافراد شامل ہیں۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق ریاض میں 765 مریضوں کی تصدیق ہوئی جبکہ مکہ مکرمہ میں متاثرین کی تعداد 416 ، جدہ میں 350 ، مدینہ منورہ 184 ، دمام 113 ، الجبیل 74 ، الخبر 58 ، الھفوف 55 ، القطیف 24 ، بریدہ 24 ، حائل 20 ، الظھران 15 ، تبوک 12 ، طائف 10 جبکہ دیگر شہروں میں مریضوں کی تعداد 10 سے کم رہی.

مریضوں میں 59 فیصد غیر ملکی شامل ہیں (فوٹو، سوشل میڈیا)

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کووڈ 19 سے ہلاک ہونے والوں کی عمریں 31 سے 63 برس کے درمیان ہیں ۔ ہلاکتیں دمام ، مکہ مکرمہ اور بیش میں ہوئیں۔ ہلاک ہونے والوں کا تعلق مختلف ممالک سے ہے.

شیئر: