Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بل ادا نہ کرنے پر واٹر کنکشن کاٹنے کا فیصلہ

7 جون سے کنکشن کاٹ دیے جائیں گے۔(فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی نیشنل واٹر کمپنی نے پانی کا بل ادا نہ کرنے والوں کی سروس معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جولائی سے واٹر ٹینکر سروس آن لائن ادائیگی سے مربوط کردی جائے گی.
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق نیشنل واٹر کمپنی نے منگل کو جاری بیان میں کہا ہے کہ جن صارفین نے پانی کے بل ابھی تک جمع نہیں کروائے وہ پہلی فرصت میں بل جمع کرادیں ورنہ 7 جون سے ان کے کنکشن کاٹ دیے جائیں گے۔
نیشنل واٹر کمپنی نے کورونا بحران اور اس سے بچاؤ کے لیے مقرر حفاظتی اقدامات کے پیش نظر پانی کے بل ادا نہ کرنے والے صارفین کو عارضی طور پر کنکشن کاٹنے کی کارروائی سے استثنیٰ دیا ہوا ہے۔  یہ استثنیٰ 7 جون کو ختم ہوجائے گا۔
نیشنل واٹر کمپنی نے صارفین کو اطمینان دلایا ہے کہ اس دوران واٹر ٹینکرز کی سہولت صارفین کو مہیا ہوگی۔ واٹر ٹینکر طلب کرنے والوں کو پیسے آن لائن ادا کرنا ہوں گے۔

جولائی سے واٹر ٹینکر سروس آن لائن ادائیگی سے مربوط کردی جائے گی.(فوٹو سوشل میڈیا)

نیشنل واٹر کمپنی کے مطابق کنکشن نہ کاٹنے کی سہولت بحرانی حالات کے پیش نظر دی گئی تھی، اب جبکہ حالات معمول پر آرہے ہیں ایسی صورت میں یہ استثنائی سہولت برقرار نہیں رکھی جاسکتی۔ بل پر بل جمع ہونے کی وجہ سے بھاری رقم ادا کرنا مشکل ہوجائے گا۔
یکم جولائی سے واٹر ٹینکرز صرف ان صارفین کو فراہم کیے جائیں گے جو پانی کے سابقہ بل ادا کرچکے ہوں۔
نیشنل واٹر کمپنی نے صارفین سے کہا ہے کہ پانی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے صارفین کمپنی کی  ویب سائٹ e.nwc.com.sa پر جاکر اپنے کوائف اپ ڈیٹ کرلیں۔  

شیئر: