Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اٹلی میں میوزیم کھل گئے،فن کے دلدادہ افراد کی واپسی

عالمی وبا کورونا سے بری طرح متاثر ہونے والے یورپی ملک اٹلی میں تین ماہ بعد میوزیم کھول دیے گئے ہیں جہاں آرٹ کے دلدادہ افراد ہجوم نہ ہونے اور سماجی فاصلوں کے ضابطوں کی پاسداری کے باعث خوش دکھائی دیتے ہیں۔

اٹلی کی مشہور زمانہ اُفیزی گیلریز کو تین ماہ کے لاک ڈاؤن کے بعد کھولا گیا ہے جہاں آرٹ کو پسند کرنے والوں کی بڑی تعداد پہنیچی تاہم وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی تدابیر پر عمل کیا جاتا رہا۔

میوزیم میں داخلے سے قبل شہریوں کو اپنی باری کا انتظار کرنا پڑا اور دروازے کے باہر آویزاں احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کے لیے کہا گیا۔ شائقین نے آرٹ گیلری میں داخلے سے قبل حفاظتی اقدامات کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔

آرٹ کے دلدادہ افراد صدیوں پرانی پینٹنگز کو دیکھتے ہوئے کورونا وائرس سے متاثرہ دنیا کے جدید تقاضوں کو مدنظر رکھ رہے ہیں اور ایک دوسرے سے فاصلے پر کھڑے ہیں۔ 

اٹلی کے میوزیم میں پندرویں صدی عیسویں کی پینٹنگز کو دیکھنے کے لیے دنیا بھر سے ہر سال لاکھوں سیاح آتے ہیں تاہم رواں برس کورونا کے باعث سیاحوں کے ملک میں داخلے پر دو ماہ تک پابندی عائد رہی۔

اٹلی کے شہر فلورنس میں واقع میوزیم کو دو ماہ سے زائد عرصے کے بعد دوبارہ کھولا گیا اور پہلے دن انتظامیہ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو آرٹ گیلری کا دورہ کرایا۔

اُفیزی آرٹ گیلری میں رکھی گئی نایاب اور تاریخی پیٹنگز میں شائقین گہری دلچسپی لیتے ہیں اور فن پاروں کی تصاویر اپنے موبائل فون میں محفوظ کرتے ہیں۔

شیئر: