Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ میں 57 پولیس اہلکار احتجاجاً مستعفی

امریکہ میں پولیس تشدد کے خلاف احتجاجی مظاہرے گذشتہ کئی روز سے جاری ہے (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ میں بفلو پولیس محکمے کے 57 اہلکاروں نے اپنے دو ساتھیوں کی معطلی کے فیصلے کے خلاف احتجاجاََ سپیشل سکواڈ سے استعفے دے دیے ہیں۔
بفلو پولیس محکمے کے دو اہلکاروں کو اس لیے معطل کیا گیا تھا کیونکہ انہوں نے احتجاجی مظاہرے میں شریک ایک 75 برس شخص کو زمین پر گرایا، فٹ پاتھ پر سر لگنے سے بزرگ شہری کو شدید زخم آئے۔
یہ واقعہ نیاگرا سکوائر میں پیش آیا۔ پولیس اہلکاروں کی جانب سے 75 برس کے بزرگ شہری کو گرانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اور صارفین نے سخت ردعمل کا اظہار کیا۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق اس واقعے کے بعد دو اہلکاروں کو معطل کیا گیا جس پر احتجاج کرتے ہوئے مذکورہ پولیس کی یونٹ کے 57 اہلکاروں نے استعفے دیے۔
واضح رہے کہ امریکی ریاست منیسوٹا میں سیاہ فام شہری جارج فلوئیڈ کی حراست میں ہلاکت کے بعد مظاہرین سے نمٹنے کے لیے طاقت کے استعمال پر بھی امریکی پولیس کے کئی اہلکار تنقید کی زد میں ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس کے مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرے میں ماسک لگائے ایک عمر رسیدہ شخص پولیس کی جانب بڑھتے ہیں، اور ان سے بات کرتے ہیں لیکن پولیس اہلکار ان کو دھکا دے دیتے ہیں جس سے وہ زمین پر گر جاتے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گرنے ہوئے شہری زخمی ہوئے اور ان کے سر سے خون بہہ رہا ہے۔ اس عمر رسیدہ شخص کو ابتدائی طبی امداد دو ریاستی پولیس اہلکاروں کی جانب سے دی گئی۔

امریکی صدر نے احتجاج روکنے کے لیے فوج تعینات کرنے کی دھمکی دی تھی (فوٹو: اے ایف پی)

رپورٹس کے مطابق شہروں میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے بفلو پولیس محکمے کے اس سپیشل سکواڈ کا قیام 2016 میں عمل میں لایا گیا تھا۔
ایری کاؤنٹی کے ایگزیکٹو مارک پولون کارز نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ان کو پولیس اہلکاروں کے استعفوں سے بہت زیادہ مایوسی ہوئی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے استعفوں سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ کل رات کے واقعے میں ان کو کچھ غلط دکھائی نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کل جو ہوا، نیویارک کے گورنر سمیت ہم  سب کو غلط لگا۔
75 برس کے شخص عمر رسیدہ شخص کا نام مارٹن گوجینو ہے۔ ان کو ہسپتال پہنچایا گیا۔ ایری کاؤنٹی کے ایگزیکٹو مارک پولون کارز کے مطابق کہ ان کو سر پر شدید چوٹ آئی ہے۔

امریکہ میں مظاہرین نسل پرستی کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

بفلو پولیس کمشنر نے ویڈیو دیکھنے کے بعد واقعے میں ملوث افسران کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر اس واقعے کی شدید مذمت ہوئی ہے۔
نیو یارک کے گورنر نے کہا ہے کہ یہ واقعہ بنیادی طور پر  جارحانہ، دل شکن اور خوفزدہ کرنے والا ہے۔
انہوں نے پولیس میئر کی جانب سے دونوں اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کرنے کے اقدام کو سراہا۔

شیئر: