موبائل سبزی اور پھل مارکیٹ کو ’فوڈ ٹرک‘ کا نام دیا گیا ہے (فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب کے مشرقی ریجن میں اپنی نوعیت کی پہلی موبائل سبزی اور پھل مارکیٹ جسے ’فوڈ ٹرک‘ کا نام دیا گیا ہے کا افتتاح کر دیا گیا۔
بلدیہ کی جانب سے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے شہریوں کو یہ سہولت فراہم کی گئی ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سبزی منڈیوں میں لوگوں کے ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لیے موبائل سبزی منڈی قائم کی گئی ہے تاکہ لوگ اپنی ضروریات کی اشیا گاڑی میں بیٹھے بیٹھے ہی حاصل کر لیں۔
موبائل سبزی و پھل منڈی میں حفظان صحت کے اصولوں کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔ وہاں موجود اہلکار سبزیوں اور پھلوں کو مخصوص پیکنگ میں صارفین کو دیتے ہیں جبکہ خود بھی حفظان صحت کے اصول کی پابندی کرتے ہیں۔
بلدیہ کے ریجنل ڈائریکٹر محمد الصفیان کا کہنا ہے کہ مشرقی ریجن کی گورنریٹ کی جانب سے کورونا کی وبا سے لوگوں کو محفوظ رکھنے کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں جن میں سماجی فاصلے کے اصول کو اہمیت دی گئی ہے۔
گورنریٹ کی جانب سے عارضی بنیادوں پر مزید مارکیٹس کے قیام پر زوردیا گیا ہے تاکہ لوگوں کو ضروریات حاصل کرنے کے لیے سبزی منڈی جانا نہ پڑے۔
الصفیان نے مزید کہا کہ یہ مذکورہ موبائل فوڈ مارکیٹ کا پہلا تجربہ ہے جو کامیاب ہونے پر اس قسم کی مارکیٹس دیگر علاقوں میں بھی قائم کی جائیں گی جو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق ہوں گی۔
الخبر بلدیہ کے نگران انجینئر سلطان الزایدی نے بتایا کہ مارکیٹ الخبر کے جنوبی علاقے میں 6500 مربع میٹر کے رقبے پر قائم کی گئی ہے۔
مارکیٹ میں 12 کیبنز رکھے گئے ہیں جو مکمل ایئر کنڈیشنڈ ہیں، اس سسکیم سے وہ افراد بھی مستفیض ہوسکتے ہیں جن کے پاس فوڈ ٹرکس موجود ہیں۔
مارکیٹ میں صفائی کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا ہے جہاں بلدیہ کی جانب سے صفائی کے کارکن ہمہ وقت موجود رہتے ہیں، مارکیٹ صبح 8 سے شام 7 تک کھلی رہتی ہے۔