ہسپتال کا بل نہ دینے پر معمر مریض کو بیڈ سے باندھ دیا
ہسپتال کی انتظامیہ کے مطابق معمر مریض کو دورے پڑ رہے تھے (فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
انڈین ریاست مدھیہ پردیش میں مبینہ طور پر ہسپتال کا بل ادا نہ کرنے پر ایک معمر مریض کو ہستال کے بیڈ سے باندھ دیا گیا تاہم ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مریض کو اچانک دورہ پڑنے کی وجہ سے ایسا کیا گیا تاکہ وہ خود کو نقصان نہ پہنچائے۔
مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ شوراج سنگھ چوہان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے شاجا پور میں قائم ہسپتال کے خلاف سخت ایکشن لینے کا وعدہ کیا ہے۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق ضلعی ہسپتال نے بھی اس معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
معمر مریض کے خاندان نے الزام عائد کیا ہے کہ 11 ہزار روپے ادا نہ کرنے پر ہسپتال انتظامیہ نے ان کے ہاتھ پاؤں بیڈ سے باندھ دیے۔
ان کی بیٹی کے مطابق ’والد کو ہسپتال میں داخل کرواتے وقت ہم نے پانچ ہزار روپے جمع کرائے لیکن جب علاج میں کچھ اور دن لگ گئے تو مزید بل ادا کرنے کے لیے ہمارے پاس پیسے نہیں تھے۔‘
ہسپتال کے ایک ڈاکٹر نے کہا کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مریض کا بل معاف کیا گیا۔
سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے رہنما کمال ناتھ نے ٹویٹ کی کہ ایک معمر مریض کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا گیا۔