Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رواں سال کا پہلا سورج گرہن 21 جون  کو ہوگا

سعودی عرب میں صبح 8 بجکر 13 منٹ پر گرہن شروع ہوگا(فوٹو سوشل میڈیا)
 سعودی عرب اورعرب ممالک سمیت دنیا بھر میں رواں سال 2020 کا پہلا سورج گرہن اتوار 21 جون  کو ہوگا جسے یورپ کے جنوب مشرق، براعظم ایشیا، شمالی آسٹریلیا، براعظم افریقہ، انڈونیشیا، بحر الکاہل اور پیسفک کے ملکوں میں دیکھا جاسکے گا۔
 عرب ممالک میں سے سعودی عرب، مصر، سوڈان، یمن اور سلطنت عمان میں بھی نظر آئے گا۔
جدہ میں فلکیاتی علوم کی انجمن کے سربراہ انجینیئر ماجد ابو زاھرۃ نے بتایا ہے کہ سورج گرہن 21 جون کو سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں بھی نظر آئے گا۔

مصر سمیت دیگر عرب ملکوں میں جزوی طور پر گرہن دیکھا جاسکےگا۔(فوٹو سوشل میڈیا)

سعودی وقت کے مطابق سورج گرہن صبح 8 بجکر 13 منٹ پر شروع ہوگا اور تین گھنٹے جاری رہے گا۔ 
مصر سمیت دیگر عرب ملکوں میں جزوی طور پر سورج گرہن دیکھا جاسکےگا۔
براعظم ایشیا کے شمالی اور مشرقی ملکوں جبکہ براعظم افریقہ کے جنوبی اور مغربی علاقوں میں یہ گرہن نظر نہیں آئے گا۔
کانگو، وسطی افریقہ ، ایتھوپیا، پاکستان، انڈیا، چین میں گرہن دیکھا جاسکے گا۔ اس کا دورانیہ پانچ گھنٹے چالیس منٹ تک ہوگا۔
عرب ممالک میں سورج گرہن جزوی طور پر دو گھنٹے تک دیکھا جاسکے گا۔
الیوم السابع کے مطابق قاہرہ میں جزوی سورج گرہن صبح 6 بجکر 24 منٹ پر شروع ہوگا اور7 بجکر 20 منٹ پر نقطہ عروج پر پہنچ جائے گا۔ 

’گرہن کے دوران زیادہ دیر سورج کی طرف دیکھنا نقصان دہ ہوسکتا ہے۔(فوٹو سوشل میڈیا)

سال رواں کے دوران سورج گرہن دوسری مرتبہ 14 دسمبر کو ہوگا۔
 دریں اثنا سعودی ماہرین فلکیات نے  کہا ہے کہ ’گرہن کے دوران زیادہ دیر تک سورج کی طرف دیکھنا اور سولر فلٹر استعمال نہ کرنا آنکھوں کے لیے نقصان دہ ہوسکتا ہے۔‘
ماہرین کے مطابق سورج گرہن کے دوران سیلفی لینے کی کوشش نقصان دہ ہوسکتی ہے۔
عام سن گلاسز کے بجائے خصوصی ڈیزائن کردہ سولر فلٹر گلاسز استعمال کیے جائیں جو مہلک شعاعوں کو روکتے ہیں۔
کیمرے کے لینس کے لیے بھی خصوصی طور پر تیار کردہ فلٹر استعمال کیا جائے۔

شیئر: