Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’صبا کے بعد سنتھیا بھی بیلنس مانگ رہی ہے‘

سنتھیا کی مالی مدد سے متعلق اس ٹویٹ نے سوشل میڈیا صارفین کو ٹرولنگ کا موقع دے دیا (فوٹو:سوشل مییا)
امریکی شہری اور بلاگر سینتھیا رچی آج کل پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کے خلاف سوشل میڈیا پر خاصی متحرک ہیں۔ 
جمعرات کو سنتھیا نے ایسی ہی ایک ٹویٹ کی جس میں انہوں نے پیپلز پارٹی کی قیادت کے خلاف لڑنے کے لیے پاکستانیوں سے فنڈز مانگ لیے۔ انہوں نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ 'رحمان ملک، سابق وزیراعظم گیلانی اور پیپلز پارٹی کا مقابلہ کرنا آسان نہیں ہوگا لیکن میرا ارادہ ہے کہ میں ان کا مقابلہ کروں گی۔'
سنتھیا نے کہا کہ 'ان کو قانونی لڑائی کے لیے بل ادا کرنا ہوں گے۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں پاکستانی اکاؤنٹ نمبر کی تصویر بھی شئیر کی اور لکھا کہ ان لوگوں کے لیے جو ان (پیپلز پارٹی کے رہنماؤں) سے لڑنے میں میری مدد کرنا چاہتے ہیں، میری مدد کریں۔'

سنتھیا کی مالی مدد سے متعلق اس ٹویٹ نے سوشل میڈیا صارفین کو ٹرولنگ کا موقع دے دیا جس کے بعد سنتھیا کو اپنی یہ ٹویٹ ڈیلیٹ کرنا پڑی۔

معاذدی نامی صارف نے لکھا کہ 'ڈیم فنڈ اور کورونا فنڈ کے بعد اب ہمارے پاس سنتھیا فنڈ ہے۔'

صحافی مبشر زیدی نے لکھا کہ 'کیا وقت آگیا ہے کہ صبا کے بعد اب سنتھیا بھی بیلنس مانگ رہی ہے۔'

روگ ایوئیٹر کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ 'یہ تو بہت جلد پاکستانی بن گئی۔'

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ سادہ اور جذباتی پاکستانی اس خاتون کا پس منظر، عزائم اور جس طرح سے وہ بغیر کسی ثبوت کے سب پر الزامات لگا رہی ہیں، جانے بغیر انہیں چندہ دینا شروع کر دیں گے۔
خرم نواز کی اس ٹویٹ کے جواب میں سنتھیا نے لکھا کہ 'مجھے افسوس ہے کہ آپ کو ایسا محسوس ہوا۔ میں دولت مند عورت نہیں ہوں اور میں نے پاکستان کے لوگوں کے بارے میں اپنی فلموں کی تیاری پر اپنے خاصے وسائل خرچ کیے ہیں۔ آپ کو میرے ثبوتوں کی حد کا اندازہ نہیں ہے اس لیے برائے مہربانی محدود معلومات کے ساتھ اس معاملے پر بات کرنے سے اجتناب کریں۔'

آشو نامی صارف نے خدشہ ظاہر کیا کہ 'یہ لاکھوں ڈالر اکٹھے کریں گی اور پھر بھاگ جائیں گی۔'

شیئر: