کنٹینرز سے پچاس لاکھ ریال کا سامان چوری، غیر ملکی گروہ گرفتار
ملزمان نے گودام سے 12 کنٹینرز میں رکھا سامان چرایا اور اسے فروخت کیا۔ (فوٹو سبق)
سعودی عرب میں ریاض پولیس نے چوری کی وارداتوں میں ملوث 8 رکنی غیر ملکی گروہ کو گرفتار کیا ہے۔ ملزمان پر 12 کنٹینروں میں رکھا سامان چرا کر مارکیٹ میں فروخت کرنے کا الزام ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی نے ریاض پولیس کے ترجمان کرنل شاکر التویجری کے حوالے سے کہا کہ پولیس کو گودام میں رکھے کنٹینرز میں سے سامان کی چوری کی اطلاع موصول ہوئی جس پر تحیقیقات کا آغاز کیا گیا۔
پولیس ٹیم نے ورادات میں ملوث ملزمان کی گرفتار ی کے لیے پہلے مرحلے میں ان کے بارے میں معلومات حاصل کیں بعد ازاں گروہ کے چند افراد کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی۔
کرنل التویجری کا کہنا تھا کہ ملزمان جن کا تعلق پاکستان سے تھا کی تعداد 8 تھی جنہوں نے ریاض شہر کے جنوب میں واقع ایک گودام سے 12 کنٹینرز میں رکھا سامان چرایا اور اسے مارکیٹ میں فروخت کر دیا تھا۔
مسروقہ سامان کی مالیت کے بارے میں پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ بجلی اور دیگر اشیا پر مشتمل مسروقہ سامان کی مالیت 50 لاکھ ریال کے قریب تھی۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔