Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گودام سے پانچ لاکھ ریال کا سامان لوٹنے والا گروہ گرفتار

پولیس نے پانچوں ملزمان کو گرفتار کرکے پوچھ گچھ کی ہے (فوٹو: سبق)
ریاض پولیس نے شہر کے السلی محلے میں خوشبویات کا گودام لوٹنے والے ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ ان کے قبضے سے پانچ لاکھ ریال مالیت کا لوٹا ہوا سامان بازیاب کرلیا گیا۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ریاض پولیس کے ترجمان کرنل شاکر التویجری نے بتایا ہے کہ گودام لوٹنے کی رپورٹ ملنے پر پولیس نے واردات کرنے والوں کے تعاقب کے لیے سپیشل ٹیم تعینات کی تھی۔
ابتدائی معلومات سے پتہ چلا کہ ڈاکہ ڈالنے والے یمنی ہیں، یہ  گروہ 5 افراد پر مشتمل ہے اور سب عمر کے تیسرے عشرے میں ہیں۔
پولیس نے پانچوں ملزمان کو گرفتار کرکے پوچھ گچھ کی۔ انہوں نے اقبال جرم کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خوشبویات کے گودام سے پانچ لاکھ ریال مالیت کا سامان لوٹا تھا اور السلی محلے کے ایک  ٹھکانے میں چھپا رکھا ہے۔
پولیس نے لوٹا ہوا سامان بازیاب کرلیا جبکہ ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے پبلک پراسیکیوشن کی تحویل میں دے دیا گیا-

شیئر: