طبی امداد پر سعودی عرب کے شکر گزار ہیں: برطانیہ
سعودی عرب نے ہزاروں میڈیکل گاونز کا تحفہ دیا ہے(فوٹو اے پی)
برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب نے ہزاروں حفاظتی میڈیکل لباس کے تحفے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا ہے۔
برطانوی وزیر خارجہ نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ’ نئے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے برطانیہ کو ہزاروں میڈیکل گاؤنز کے فیاضانہ تحفے پر سعودی عرب کے بے حد شکر گزار ہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب اور برطانیہ اس عالمی وبا سے نمٹنے کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کورونا کی وبا سے نمٹنے کے لیے طبی امداد پر سعودی عرب کے لیے انتہائی ممنونیت کا اظہار کیا۔
اس سے قبل برطانوی جریدے ڈیلی ٹیلیگراف نےسرکاری ڈاکٹروں کے حوالے سے رپورٹ میں کہا تھا کہ برطانیہ میں نئے کورونا وائرس کے 20 فیصد مریض ہسپتالوں میں وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا تھا کہ طبی سائنسدانوں کو یقین ہے کہ کووڈ 19 کے پھیلنے کا 22 فیصد تک سبب ہسپتالوں میں موجود وائرس ہے اور گیارہ فیصد اموات اسی کی وجہ سے ہوئی ہیں۔
برطانوی وزیر خزانہ نے اتوار کو اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت برطانیہ پہنچنے پر سیاحوں کو دو ہفتے تک قرنطینہ میں رکھنے کی پابندی لگانے پر غور کررہی ہے۔ اس حوالے سے دیگر ضوابط میں بھی تبدیلی کی جاسکتی ہے۔
یاد رہے کہ برطانیہ میں کووڈ 19 کے متارین کی تعداد دو لاکھ 97 ہزار 342 ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد 41 ہزار 783 تک پہنچ چکی ہے۔