Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا سے مقابلے کے لیے 50 کروڑ ڈالر کی امداد

کورونا وائرس کے پھیلاو کی روک تھام اور اس سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب نے جی 20 کی قیادت کرتے ہوئے عالمی اداروں کے لیے 500 ملین ڈالر کی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق  خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز  کی جانب سے یہ امداد عالمی ادارہ صحت کی اپیل کے جواب میں دی گئی ہے۔
سعودی عرب  عالمی پیمانے پر پھیل جانے والے کورونا وائرس کی تباہ کاریوں کو روکنے کے لیے اپنی تمام تر ذمہ داریاں نبھا رہا ہے۔عالمی اداروں کو مالی مدد فراہم کرنے سے اس وبا کو پھیلنے سے روکنے میں مدد ملے گی۔
سعودی عرب کی جانب سے دی جانیوالی 50 کروڑ ڈالر کی اس امداد میں 15 کروڑ ڈالرکورونا وائرس کی مناسب روک تھام کے لیے جدید آلات کی تیاری کے لیے دیئے گئے ہیں جب کہ 15 کروڑ ڈالر کی امداد سے اس بیماری کے سدباب کے لیے ویکسین کی تیاری میں مدد حاصل کی جائے گی۔

سعودی عرب کورونا وائرس کے خلاف اپنی تمام تر ذمہ داریاں نبھا رہا ہے(فوٹو عرب نیوز)

 کورونا وائرس کے متاثرین کی بحالی اور علاقائی اور عالمی تنظیموں کی بہبود کے لیے 20 کروڑ ڈالر کی رقم رکھی گئی ہے۔
سعودی عرب نے عالمی معاشی طاقتوں سے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک کی بحالی کے لیے 8 ارب ڈالر کا امدادی پیکیج بھی جلد از جلد مکمل کیا جائے تا کہ متاثرہ ممالک  اس وائرس کے باعث ہونے والے نقصان سے باہر آنے کی کوشش کر سکیں۔

عالمی تنظیموں کی بہبود کے لیے 20 کروڑ ڈالر کی رقم رکھی گئی ہے(فوٹو عرب نیوز)

واضح رہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے جی 20 کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کورونا وائرس کی روک تھام اور اس سے نمٹنے کے لیے عالمی اداروں کو بھرپور طریقے سے مالی مدد فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
  • سعودی عرب کی خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: