نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پنجاب میں اموات کی تعداد ایک ہزار 265 ہو گئی ہے جبکہ سندھ میں اب تک کورونا سے 964 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ صوبے میں 62 ہزار 269 افراد وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔ صوبے میں 31 ہزار سے زائد مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
پنجاب میں 61 ہزار 678 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 17 ہزار 892 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں 773 جبکہ بلوچستان میں 99 مریض موت کا شکار ہوئے۔ خیبر پختوںخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 20 ہزار سے زائد ہے جبکہ 5 ہزار 441 افراد کے صحت یاب ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
بلوچستان میں تقریباً 9 ہزار مریض ہیں جبکہ 3 ہزار 140 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عالمی وبا سے مرنے والے افراد کی تعداد 95 ہے۔ اسلام آباد میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 9 ہزار 941 ہو گئی ہے جبکہ 2 ہزار 770 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔
گلگت بلتستان میں 18 اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں کورونا وائرس سے اب تک 15 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ گلگت بلتستان میں تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد ایک ہزار 225 ہو گئی ہے۔ علاقے میں 794 افراد کے صحت یاب ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں اب تک 312 مریض صحت یاب ہوئے ہیں جبکہ کورونا سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 769 ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کئی بڑے شہروں کے مخصوص علاقوں کو وبا پھیلنے پر سیل کیا گیا ہے۔ اسلام آباد کے سیکٹر جی نائن سمیت کئی علاقوں میں لاک ڈاؤن ہے۔