Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصر: ویزا پالیسی میں کیا تبدیلی کی گئی؟

متعدد ممالک کے شہریوں کو آن لائن سیاحتی ویزے کی سہولت میسر ہے- فوٹو سبق
مصری وزارت خارجہ نے بتایا ہے کہ سعودیوں اور خلیجی ممالک کے شہریوں کے لیے ویزا پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
یہ  وضاحت ان رپورٹوں کے  تناظر میں جاری کی گئی ہے جن میں دعویٰ کیا  جا رہا تھا کہ مصر نے سعودی عرب، کویت، بحرین، سلطنت عمان اور امارات کے شہریوں سے ویزا فیس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ قطر کے شہریوں سے ویزا فیس پہلے سے ہی لی جا رہی ہے۔

قطر کے شہریوں سے ویزا فیس پہلے ہی لی جارہی ہے- فوٹوسوشل میڈیا

سبق ویب سائٹ کے مطابق مصر کے معاون وزیر خارجہ یاسر محمود ہاشم نے بتایا کہ مصر کے متعلقہ حکام غیرملکیوں کے لیے ویزے کا نیا  نطام تیار کر رہے ہیں۔ اس کا مقصد ایک طرف تو سیاحت کو فروغ دینا اور دوسری جانب ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں پر قومی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔
کویتی جریدے الانبا کے مطابق مصری وزیر نے توجہ دلائی کہ مصر چاہتا ہے کہ سیاحت کے معاملے میں تمام غیرملکیوں کے ساتھ مساوات کے اصول پر عمل کرے اور کسی کے ساتھ امتیاز نہ برتا جائے البتہ دو طرفہ یا علاقائی معاہدوں میں شریک ممالک کے شہریوں کے ساتھ ترجیحی معاملہ جاری رکھا جائے گا۔
مصری عہدیدار نے بتایا کہ فی الوقت 80 ممالک کے شہریوں کو پیشگی ویزے کے بغیر سیاحت کی غرض سے مصر آنے کی اجازت ہے۔ انہیں مصر کے ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں پر ویزا جاری کر دیا جاتا ہے۔ بیشتر عرب ممالک کے شہری اسی زمرے کے ہیں-
یاسر محمود ہاشم نے بتایا کہ متعدد ممالک کے شہریوں کو آن لائن سیاحتی ویزا حاصل کرنے کی سہولت میسر ہے اور رہے گی۔
مصر کے معاون وزیر خارجہ نے کہا کہ جہاں تک جی سی سی ممالک کے شہریوں کا تعلق ہے تو وہ ہوائی اڈے یا بندرگاہ یا بری سرحدی چوکی  پہنچ کر مصر کا سیاحتی ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔ وہ اپنے یہاں مصری سفارتخانوں سے بھی ویزا حاصل کرکے سفر کر سکتے ہیں۔ یہ طریقہ کار برسہا برس سے نافذ ہے اسے تبدیل نہیں کیا گیا۔

 

خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: